جمعرات 09 مئی 2024

پنجاب حکومت رواں سال صحت کی سہولیات بارے کیا کرنے جا رہی ہے ؟ڈاکٹر یاسمین راشد نے بڑی خوشخبری سنا دی

گوجرانوالہ(دھرتی نیوز) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا ویژن ہے کہ ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات بہتر بنائی جا ئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں، امسال بجٹ میں 370 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور فیڈرل گورنمنٹ کی طرف سے پرانے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے5 ۔22ارب روپے فراہم کئے ہیں جو کہ اسی مالی سال کے دوران خرچ کئے جائیں گے، پاکستان کے تمام صوبوں میں پنجاب کا صحت کا بجٹ سب سے بڑا اور تاریخی ہے،سال کے آخر تک پنجاب کے2 کروڑ93 لاکھ خاندانوں کو فیملی انشورنس کےلئے جاری کر دیا جائے گا، ابتک 85لاکھ لوگوں کو صحت کارڈ جاری کردیا گیا ہے۔

 گوجرانوالہ میڈیکل کالج کےدورہ کےموقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےصوبائی وزیر صحت نےکہاکہ گوجرانوالہ میڈیکل کالج سے ملحقہ ٹیچنگ ہسپتال کو 2022ء میں مکمل آپریشنل کر دیا جائے گا، شعبہ طب پیغمبرانہ پیشہ ہے،اس شعبہ سے وابستہ افراد لوگوں کو ریلیف دیں، ڈاکٹر زکو بر وقت ترقیاں دینگے،11ارب روپے ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے لیے مختص کئے گئے ہیں ۔ پنجاب میں 2.3 کورونا کی شرح فیصد ہے‘لاہور اور راولپنڈی میں انڈین ویرینٹ(ڈیلٹا) آنے سے کورونا کے مریض بڑھے ہیں،چودہ اگست تک پانچ اضلاع میں اٹھارہ سال کی عمر سے زائد افراد کی ویکیسنیشن کی جائیگی، پانچ اضلاع جن میں گوجرانوالہ فیصل آباد، لاہور،راولپنڈی شامل ہیں‘ سوموار سے گھروں اور محلوں میں جا کر ٹیمیں لوگوں کو ویکسینینش انکی دہلیز پر جا کر کریں گی۔

 انہوں نے کہا کہ جلسوں میں کسی کو بھی نازیبا الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں،عمران خان کا نواز شریف کے ساتھ مقابلہ نہیں کرنا چاہیے، نواز شریف کی بیماری سے متعلق میں خود ان سے ملنے گئی، ہر سہولت دی،نواز شریف اب یا تو ٹھیک نہیں ہوئے یا یہ ہے کہ ٹھیک نہ ہو کر بھی سیر سپاٹے کر رہے، نواز شریف واپسی کا وعدہ کرکےگئے اب اپنا وعدہ پورا نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ لیڈر ہوں پاکستان کے اور لیڈری کریں باہر بیٹھ کر؟ میں اپنے لیڈر کیلیے اس لیے سٹینڈ لے رہی ہوں کہ وہ تو پاکستان میں ہیں۔ افغان سیکورٹی ایڈوائزر سے نواز شریف کی ملاقات بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہمارے لیے جو پریشان ہونے کی بات ہے وہ افغانستان کے حالات ہیں،افغانستان کا ایک بڑا رجحان بھارت کی طرف ہے، ہندوستان نہیں چاہتا کہ سی پیک کامیاب ہو، افغانستان سے متعلق بات صرف حکومت کو کرنی چاہیے۔

 صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت اور ڈی سی محمد سہیل خواجہ نے میڈیکل کالج آمد پر لان میں مون سون شجرکاری کے تحت پودا لگایا- بعدازاں انہوں نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال کی فیکلٹی سے بریفنگ لی‘ ٹیچنگ ہسپتال کو آپریشنل کرنے اور میڈیکل کالج میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ بعد ازاں سیکرٹری سپیشلائیزڈصحت محمد عامر جان نے ایس ای اور ایکسیئن بلڈنگز کے ہمراہ زیر تعمیر ٹیچنگ ہسپتال کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا .

اس موقع پر انہوں نے سیکریٹری سپیشلایئزڈ صحت کو عظیم فلاحی منصوبے سے متعلق بریفننگ دی۔سیکرٹری صحت نے ایکسیئن بلڈنگز کو ہدایت کی کہ بلڈنگ کی مکمل تکمیل کے لئے تمام فنڈز فراہم کر دئے جائیں گے محکمہ بلڈنگز کے حکام دن رات اضافی لیبر لگا کر اس فلاحی منصوبہ کو ہر صورت 31.جنوری تک پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔تاکہ حکومتی پالیسی اور وثرن کے تحت لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

 اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی تکمیل کے بعد اسے مکمل آپریشنل اور عوام کی رسائی آسان بنانے کے لیے اپروچ اور کی جلد از جلد تکمیل کے لیے متعلقہ حکام سے معاملہ اٹھایا جائے گا۔بعد ازاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا اور ہسپتال کے بجٹ سمیت ڈاکٹر ز و عملہ کی دستیابی اور خالی آسامیاں بارے بریفننگ لی

Facebook Comments