جمعرات 09 مئی 2024

پی ٹی آئی کو ووٹ اس لیے نہیں دیا تھا، اداکارہ مریم نفیس گنڈاپور پر برس پڑیں

علی امین گنڈا پور کی جانب سے مریم نواز پر ذاتی حملے کئے گئے جس پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے،اداکارہ مریم نفیس نے بھی وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بیان کی مذمت کردی،

مریم نفیس نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ووٹ اس لیے نہیں دیا تھا،مریم نفیس نے انسٹاگرام اسٹوری پر کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لیے صرف اس لیے لڑ رہے ہیں کہ آپ جیسے مرد دنیا میں موجود ہیں، آپ ایک عورت سے اس زبان اور لہجے میں بات کرنے والے کوئی نہیں ہوتے۔

مریم نفیس نے مریم نواز کی حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ تمیز کے دائرے میں رہ کر تنقید کریں، آپ کو اپنی اس حرکت پر معافی مانگنی چاہئے اور فوری طور پر مستعفی ہونا چاہیے،اب بس بہت ہوگیا ہم نہیں چاہتے کہ آپ جیسے لوگ ہم پر مزید حکمرانی کریں۔

علی امین گنڈا پور نے آزاد کشمیر انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز کی ذاتیات پر تنقید کی تھی،جس پر لیگی رہنماؤں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا تھا کہ مریم نواز کے خلاف علی امین گنڈاپور نے شرمناک زبان استعمال کی،علی امین گنڈاپور کے الفاظ عورتوں سے نفرت کی عکاس ہیں،ایسی ذہنیت رکھنے والے 22 کروڑ افراد کے ملک پر حکمرانی کر رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ ڈاکو رانی، مریم نواز کہتی ہے کہ جیسا منہ ویسا تھپڑ۔۔میرے پاس ایسی ایسی باتیں ہیں کہ خدا کی قسم اتنے تھپڑ پڑیں گے تمہارے منہ پہ۔۔تم نے ہمارے پیسوں پہ 8 کروڑ کی سرجری کرائی ہے، یہ اتار کر تیرا اصل چہرہ قوم کے سامنے لے آؤں گا۔

اس پر ن لیگ کے کیمپ کی جانب سے گزشتہ رات سخت ردعمل سامنے آیا۔ ن لیگی سپورٹر علی امین گنڈاپور پر لعن طعن کرتے رہے اور کہا کہ علی امین گنڈاپور کو ایک عورت سے متعلق ایسی زبان استعمال کرتے ہوئے شرم کرنی چاہئے۔ دونوں طرف سے حمایت اور مخالفت میں ٹرینڈز چلنا شروع ہوگئے۔

Facebook Comments