اتوار 19 مئی 2024

آئندہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی و اسلام آباد میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

اسلام آباد (دھرتی نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، اسلام آباد اور ملک کے دوسرے حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور کہا کہ کراچی ، ٹھٹہ، بدین اور تھر پارکر میں بارش ہو سکتی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی توقع ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، پشاور اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔

 یا د رہے کہ اس سے پہلے اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد سیکٹر ای الیون میں بارش کے پانی میں گاڑیوں کے بہنے کی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا صارفین نے مختلف مقامات کی فوٹیجز اپنے اکاونٹس سے شئیر کیں۔بارش کے بعد راولپنڈی شہرکے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح کئی فٹ بلند ہوگئی، کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے بعد خطرے کی گھنٹیاں بجادی گئیں اور لوگوں کوندی نالوں سے ملحقہ بستیاں خالی کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

 ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ریڈ الرٹ کرکے سول ڈیفنس اور ریسکیو ون ون ٹوٹو کے اہلکار کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے نالہ لئی کے کناروں پر تعینات کر دئیے گئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں رات سے اب تک 122 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

Facebook Comments