بدہ 08 مئی 2024

سعودی عر ب کی ایک غار سے ہڈیوں کا پہاڑ دریافت، انسانی ہڈیاں بھی شامل

جدہ(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں ماہرین آثارقدیمہ نے ایک آتش فشاں پہاڑ میں موجود غارسے ایسی حیران کن دریافت کر ڈالی ہے کہ سن کر آدمی دنگ رہ جائے۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین آثار قدیمہ نے اس غار سے انسانوں اور مختلف قسم کے جانوروں کی ہڈیوں کا ایک پہاڑ دریافت کیا ہے جو کہ حیران کن طور پر لگڑ بگوں کا لگایا ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لگڑ بگے اس غار کو ہزاروں سال سے استعمال کرتے آ رہے ہیں۔ وہ اپنے شکار کو اس جگہ لاتے اور کھاتے ہیں اور ہڈیاں وہیں جمع ہوتی رہتی ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق قدیم آتش فشاں میں ہزاروں سال قبل لاوے سے بننے والی یہ غار سعودی عرب کے علاقے ام جیرسان میں واقع ہے۔ اس غار سے انسانوں کے علاوہ گھوڑوں، بکریوں، ہرنوںسمیت 40مختلف اقسام کے جانوروں کی ہڈیاں ملی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لگڑ بگے جہاں خوراک کے لیے گوشت کا شکار کرتے ہیں وہیں انسانوں کی قبروں کو کھود کر لاشیں بھی نکالتے ہیں اور ان کا گوشت کھاتے ہیں۔ غار سے جو انسانی ہڈیاں ملی ہیں، ممکنہ طور پر لگڑ بگے ان لوگوں کی لاشیں قبروں سے نکال کر یہاں لائے ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس غار سے ملنے والے ریڈیو کاربن کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ غار 7ہزار سال قدیم ہے۔ واضح رہے کہ یہ غار ابتدائی طور پر 2007ءمیں دریافت کی گئی تھی۔

Facebook Comments