پیر 20 مئی 2024

نواز شریف کا نام اسکولوں، اسپتالوں سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر

لاہور کے شہری نے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں سمیت دیگر مقامات سے سابق وزیراعظم کا نام ہٹانے کے لیے درخواست دائر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق اسپتالوں اور تعلیمی اداروں سمیت دیگر مقامات سے نواز شریف کا نام ہٹانے کے لیے شہری رضا خان نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا گیا۔

شہری نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نوازشریف کرپشن کیسز میں سزا یافتہ، عدالتی اشتہاری اور نااہل ہیں۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں بہت اسپتال، تعلیمی ادارے اور رفاحی ادارے سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام سے منسوب ہیں لیکن اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا نام کسی ایسے شخص سے منسوب نہیں کیا جاسکتا جو سزا یافتہ ہو۔

شہری نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت نوازشریف کے نام سے منسوب تمام اداروں سے ان کا نام ہٹانے کا حکم دے۔

Facebook Comments