پیر 20 مئی 2024

کورونا کی چوتھی لہرزیادہ خطرناک ، قومی ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیاتو شدید نقصان ہوگا‘

لاہور(دھرتی نیوز)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی نیلم حیات ملک نے کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر پہلی تین لہروں سے زیادہ خطرناک ہے، قومی ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو جانی نقصان شدید ہوگا ،مین حیث القوم ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،وزیر اعظم عمران خان ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذریعے موذی وائرس سے عوام کو بچانے پر یقین رکھتے ہیں، غریبوں کا روزگار چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بیگم نیلم حیات ملک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عجلت میں لاک ڈاون مسلط کرکے سندھ میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، کراچی میں مکمل اور باقی سندھ میں جزوی لاک ڈاون سے لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، سندھ حکومت عوام دشمنی کے بجائے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کی بجائے تعلیم اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے پر توجہ دے ، تاکہ آئندہ نسلیں تعلیم یافتہ اور صحت مندہوں۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاو کے لئے علاج سے زیادہ بہتر احتیاط ہے،ہمیں اپنے پڑوسی ملک بھارت میں کورونا سے ہونے والی تباہی کو یاد رکھنا چاہیے کہ جہاں مرنے والوں کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے بھی جگہ اور وقت نہیں تھاجبکہ مریضوں کے لئے ہسپتالوں میں جگہ تھی اور نہ ہی سہولیات،لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم احتیاط کریں ، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔پی ٹی آئی کی ایم پی اے نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی سمیت کورونا سے متاثر تمام پاکستانیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔

Facebook Comments