پیر 20 مئی 2024

مسلم لیگ ن نے مہنگائی کا مجرم وزیراعظم عمران خان کو قرار دے دیا

اسلام آباد (دھرتی نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے مہنگائی کا مجرم وزیراعظم عمران خان کو قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں ملک میں مہنگائی کی قیامت برپا ہوچکی ہے ، عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری اور افلاس کی چکی میں پیس کر رکھ دیا گیا ، ادارہ شماریات نے مہنگائی بڑھنے کی بات کی ، وزارت خزانہ کمی کا کہہ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف جولائی میں ملک میں مہنگائی میں 8 اعشاریہ 4 فیصد کا اضافہ ہوا لیکن حکومت میں ایک دوسرے سے بڑھ کر جھوٹ بولنے کی اولمپکس جاری ہے ، آپ کا گھر اے ٹی ایمز چلا رہے ہیں ، اس لیے آپ کے لیے پاکستان سستا ترین ملک بن گیا ، درحقیقت عوام نہ آٹا چاول، چینی، دودھ، دہی، سبزیاں نہیں کھا سکتے ، عوام تو بس بجلی اور گیس کے بل دینے کے قابل رہ گئی ہے ، اس کے علاوہ تو عوام نہ گھر کا کرایہ دے سکتے ہیں اور نہ بیمار کی دوائی لے سکتے ہیں۔

دوسری جانب حقیقی و تجزیاتی ادارے ’گو بینکنگ ریٹس‘ کی رپورٹ میں پاکستان کو رہن سہن کے اعتبار سے دنیا کا سستا ترین ملک قرار دیا گیا ہے ، رپورٹ میں پاکستان کے رہن سہن اخراجات انڈیکس میں 18اعشاریہ 58 پوائنٹس ہیں ، اس درجہ بندی میں افغانستان 24 اعشاریہ 51 کے ساتھ دوسرے اور بھارت 25اعشاریہ 14 کے ساتھ تیسرے نمبر ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رہن سہن ، قوت برداشت کے تخمینے کیلئے چار پیمائشی معیارات کو استعمال کیا گیا ، مذکورہ معیارات میں رہائش اور نقل وحمل کے کرائے کو دیکھا گیا اس کےعلاوہ معیارات میں قوت خرید ، صارف قیمت اور روز مرہ اشیا کو شامل کیا گیا جب کہ اس دوران حاصل ہونے والے نتائج کا دنیا کے مہنگے ترین شہر نیو یارک میں رہن سہن اخراجات کے ساتھ موازنہ کیا گیا۔
’گو بینکنگ ریٹس‘ کی رپورٹ میں کیمن جزائر انڈیکس 141 اعشاریہ 64 اور برمودا 138 اعشاریہ 22 کے ساتھ مہنگے ترین ملک قرار پائے ، اس کے علاوہ مہنگے ترین ممالک میں سوئٹزرلینڈ 122 اعشاریہ 67 اور ناروے 104 اعشاریہ 49 کے ساتھ شامل ہیں جب کہ ان چاروں ممالک کے مقابلے میں نیو یارک کی رہن سہن کی لاگت زیادہ ہے ، اس کے ساتھ ساتھ سان فرانسسکو میں بھی رہائشی اخراجات بہت زیادہ ہیں۔

Facebook Comments