بدہ 08 مئی 2024

سمجھ نہیں آرہا کہ بھارت کشمیر پریمیئر لیگ سے اتنا کیوں ڈرتا ہے؟: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (دھرتی نیوز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھارت کی دھمکیوں کی مذمت کی جس کی وجہ سے وہ کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) سے دستبردار ہو گئے۔ ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آرہی ہے کہ بھارت کے پی ایل سے کیوں ڈرتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نہیں سمجھ سکتا کہ بھارت کے پی ایل سے کیوں ڈرتا ہے، یہ آزاد کشمیر میں معمول کی سرگرمیوں کا صرف ایک ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں غیر ملکی کھلاڑیوں پر کے پی ایل میں نہ کھیلنے کے بھارتی دباؤ کی شدید مذمت کرتا ہوں، یہ صرف ان کے قد کو کم کرے گا اور پاکستان کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ وزیر خارجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر زور دیا کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو کے پی ایل سے دستبردار ہونے کی بھارت کی دھمکیوں کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے، بھارت اگر چاہے تو مقبوضہ کشمیر میں ایسی لیگ بھی کروا سکتا ہے ،ہم نے کب ان کو روکا ہے؟۔

شاہ محمود قریشی کشمیر کے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ تک جانے کا پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے کے پی ایل کے لیے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی ایل کشمیر کے علاقے میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرنے کی طرف ایک مثبت قدم ہے، ہم سب کو کے پی ایل کو فروغ دینا چاہیے۔

Facebook Comments