جمعرات 09 مئی 2024

یہ فیصلہ تو عمران نیازی کی حکومت کا تھا، نوازشریف کے معاملے پر شہبازشریف نے بھی خاموشی توڑ دی

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ عمران نیازی حکومت کا تھا، سیاسی فائدے کے لیے حقائق کے برعکس بیانات باعث افسوس ہیں، سیاسی نفرت پر مبنی حکومتی بیانات پاکستان کے وقار کے منافی ہیں، سیاسی پگڑیاں اچھالنے والے پاکستان کی پگڑی نہ اچھالیں تو مہربانی ہو گی۔

  نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی زندگی پر سیاست بے حسی اور غیرانسانی رویہ ہے، ایک فرد کو بدنام کرنے کا حکومتی رویہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے، نواز شریف کو لندن بھجوانے کا فیصلہ عمران نیازی حکومت کا تھا، نواز شریف کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا، یہ فیصلہ بھی سرکاری بورڈ کا تھا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق نواز شریف کے علاج اور لندن میں قیام کا فیصلہ ہو گا، ڈاکٹر جب اجازت دیں گے تو نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے، قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ویزے کے لیےاپیل دائر کر دی گئی ہے، اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف قانونی طور پر لندن میں قیام کر سکتے ہیں۔

Facebook Comments