پیر 20 مئی 2024

امریکا چاہتا ہے افغانستان میں اس کا گند ہم صاف کریں، وزیراعظم عمران خان

عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا نے فیصلہ کرلیا ہے اب ان کا اسٹریٹیجک پارٹنر بھارت ہوگا اور بطور وزیراعظم میرے خیال میں اسی وجہ سے پاکستان کے ساتھ مختلف طرح کا سلوک کیا جارہا ہے.

غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ افغانستان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، ہم پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ ہم اپنے ملک میں امریکا کا کوئی فوجی اڈا نہیں چاہتے۔ امریکا نے فیصلہ کرلیا ہے اب ان کا اسٹریٹیجک پارٹنر بھارت ہوگا۔

امریکا نے 20 سال تک افغانستان کا مسئلہ فوجی طاقت سے حل کرنے کی ناکام کوشش کی، اب اس کی نظر میں پاکستان ان کا افغانستان میں چھوڑا ہوا 20 سال کا کچرا صاف کرنے کے لیے رہ گیا ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت کے دوران طالبان کو افغان حکومت سے مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی، چند ماہ قبل اسلام آباد میں طالبان رہنماؤں سے ملاقات میں انہوں نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس کے لیے تیار نظر نہیں آتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب تک اشرف غنی افغانستان کے صدر رہیں گے طالبان ان سے بات نہیں کریں گے۔ اس لئے موجودہ حالات میں افغانستان کا سیاسی حل نظر نہیں آتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد، افغانستان میں طرف داری نہیں کر رہا۔افغانستان کے مسئلے کا کوئی عسکری حل تھا ہی نہیں۔

Facebook Comments