پیر 20 مئی 2024

پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کو شکست دی: صدرِ مملکت

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو پیغام دیا کہ فیک نیوز چاہے اندر سے نکلے یا باہر سے آئے، یہ غیبت ہے اور ہمیں اس پر احتیاط کرنی چاہیے۔

ایوانِ صدر میں یوم آزادی کے موقع پر ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ بھارتی حکومت پر ہندوتوا اور آر ایس ایس کی سوچ حاوی ہے اور مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ مختلف بہانوں سے پاکستان پر 3 جنگیں مسلط کی گئیں، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا گیا لیکن پاکستان نے جارحیت کا مزہ بھی چکھا دیا، بھارت نے ایٹمی دھماکا کیا تو 7 سال کے اندر پاکستان نے محنت کر کے اس کا جواب دیا۔

 ان کا کہنا تھا پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ جانوں کا نقصان برداشت کیا لیکن کامیابی حاصل کی، پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کو شکست دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ کورونا میں پاکستان نے مساجد کھلی رکھ کر مسلم دنیا میں مثال قائم کی اور عالمی وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت نے ترقی کی۔

صدرِ عارف علوی کا کہنا تھا کہ دیگر ملکوں میں مہاجرین اور پناہ گزینوں کو سمندر میں ڈوبنے دیا جاتا ہے اور انہیں پناہ نہیں دی جاتی لیکن پاکستان نے 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کو پناہ دی، زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا کورونا پاکستانی قوم مل کر مقابلہ کرنا جانتی ہے۔

Facebook Comments