پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کی زندگی پر بننے والی فلم کا ٹیزر جاری
پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بنائی جانے والی ٹیلی فلم ‘ایک ہے نگار ‘ کی پہلی جھلک منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
کچھ دِن سے یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ ماہرہ خان آئی ایس پی آر کے ایک پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں اور ان دنوں وہ راولپنڈی کے آرمی میڈیکل کالج میں فلم کی عکسبندی میں مصروف ہیں۔
تاہم گزشتہ روز یومِ آزادی کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے یوٹیوب چینل پر ماہرہ کی نئی ٹیلی فلم کا ٹیزر جاری کیا جس میں ماہرہ کو پاک فوج کے یونیفارم میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹیلی فلم نجی ٹی وی سے نشر کی جائے گی جس میں ماہرہ خان، بلال اشرف اور سہیل سمیر سمیت دیگر اداکار بھی دکھائی دیں گے۔
ایک ہے نگار کی رائٹر عمیرہ احمد ہیں جب کہ اس کے ہدایتکار عدنان سرور ہیں۔ ٹیلی فلم کی پروڈیوسرز نینا کاشف اور ماہرہ خان ہیں۔
واضح رہے کہ نگار جوہر پاکستانی تاریخ میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر فائز ہونے والی واحد خاتون ہیں اور ان کا تعلق آرمی میڈیکل کور سے ہے۔
Facebook Comments