پاک بھارت جنگ1971پر بنی ٹیلی فلم ’ہنگور‘ کا ٹریلر ریلیز
دشمن ملک بھارت سے 1971 میں لگی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی بہادرانہ داستان اور آبدوز ’ہنگور‘ کی کارروائیوں پر بنی ٹیلی فلم ’ہنگور‘ کے ٹریلر کو جاری کردیا گیا۔
’ہنگور‘ نامی ٹیلی فلم میں صبا قمر، زاہد احمد، در فشاں سلیم، نیر اعجاز، جاوید شیخ، سلیم شیخ، وحید عفن اور شہزاد شیخ سمیت دیگر اداکار جلوہ گر ہیں۔
ٹیلی فلم کی کہانی 1971 کی پاکستان اور بھارت کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی دلیرانہ کارروائیوں اور پاک نیوی کی آبدوز ’ہنگور‘ کی کارروائی کے گرد گھومتی ہے۔
ٹیلی فلم کی کہانی بنگلادیش کو پاکستان سے الگ کرنے کی سازشی جنگ میں بھارتی منصوبوں کی ناکامی کے عکاسی کرتی ہے۔
ٹیلی فلم میں پاک بحریہ کی آبدوز ’ہنگور‘ کی جانب سے 9 دسمبر 1971 کو بھارتی جنگی آبدوزوں ’ککری اور کرپان‘ کی تباہی کے قصے کو دکھایا جائے گا۔
ٹریلر میں زاہد احمد اور درفشاں سمیت مرکزی کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں اور دکھایا گیا ہے کہ کس طرح بھارتی فوج نے سازش کے تحت پاکستان توڑنے کی جنگ شروع کی۔
’ہنگور‘ کو جلد ہی اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، اس کے ہدایت کار ثاقب خان جب کہ اس مصنف سجی گل ہیں۔
یاد رہے کہ پاک بحریہ ہر سال 9 دسمبر کو ’ہنگور‘ دن بھی مناتی ہے اور دو روز قبل مذکورہ دن کی گولڈن جوبلی منائی گئی تھی۔
پاک بحریہ نے ’یوم ہنگور‘ کے موقع پر ایک مختصر خصوصی دستاویزی فلم بھی جاری کی تھی، جس میں 1971 کی جنگ کو بیان کیا گیا تھا۔
’ہنگور‘ پاکستان بحریہ کی جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی سسٹم سے لیز ایسی آبدوز ہے، جس نے دشمن ملک کے منصوبوں کو خاک میں ملایا۔
Facebook Comments