پیر 20 مئی 2024

لاہور : مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے والے ملزم کی ضمانت منظور

لاہور کے شاہی قلعے میں نصب سکھ سلطنت کے بانی مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے والے ملزم کی مقامی عدالت نے ضمانت منظور کرلی گئی،عدالت میں ملزم رضوان کو پیش کیا گیا جہاں پولیس نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

 عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملزم پر لگائے گئے الزامات قابل ضمانت ہیں،پروسیکیوشن نے بتایا کہ ملزم محمد رضوان نے شاہی قلعہ میں نصب مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑا اور ملزم سے تفتیش مکمل کرلی گئی،ملزم کا چالان جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا، پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ عدالت ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجے۔

 ملزم رضوان کے وکلا نے جرم قابل ضمانت ہونے کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دائر کی اور کہا کہ پولیس ملزم رضوان کیخلاف تحقیقات مکمل کر چکی ہے، ملزم سے مزید برآمدگی کی بھی توقع نہیں ہے،عدالت نے ملزم محمد رضوان کی 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

سترہ اگست کی صبح شاہی قلعے میں ملزم رضوان نے ہتھوڑے مار کر رنجيت سنگھ کے مجسمے کو توڑديا تھا،پوليس نے فوری کارروائی کرکے ملزم کو گرفتارکرليا تھا، ملزم کا تعلق لاہور سے ہی ہے۔ شاہی قلعے میں داخل ہوتے ہوئے اس کی تلاشی نہیں لی گئی،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی تھی اورمجسمے کو دوبارہ اصل حالت میں بحال کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

Facebook Comments