بدہ 08 مئی 2024

کورونا نے پاکستان ائیرفورس کی نوجوان ڈاکٹر ماہ نور فرزند کی جان لے لی

کراچی: ڈینٹسٹ فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور فرزند کورونا کے باعث انتقال کرگئیں۔ڈاکٹر ماہ نور کا تعلق پاکستان ائیرفورس سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا نے ایک اور ڈاکٹر جان لے لی۔۔ پاکستان ائیرفورس سے تعلق رکھنے والی فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور فرزند کورونا سے جنگ ہارگئیں ان کا انتقال سی ایم ایچ ملیر میں ہوا۔ڈاکٹر ماہ نور ڈینٹسٹ کے شعبے سے وابستہ تھیں ۔ انہوں نے بقائی یونیورسٹی کراچی سے میڈیکل کے شعبے میں تعلیم حاصل کی تھی اور 2019 میں پاکستان ائیرفورس جوائن کی تھی۔

ڈاکٹر ماہ نور 8 ماہ کی حاملہ تھیں جبکہ ڈاکٹرز کے مطابق اسکے ہاں مردہ بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر ماہ نور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور 8 ماہ کی حاملہ تھیں اور انہوں نے حاملہ ہونے کے باعث کورونا ویکسینیشن نہیں کروائی تھی۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین کے کورونا کا شکار ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، حاملہ خواتین ڈاکٹرسے مشورہ کرکے ویکسی نیشن ضرور کروائیں۔

ڈاکٹر ماہ نور کے قریبی دوست کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور کے والد بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے لیکن وہ اب ریکور کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ اب سندھ میں اب تک 77 ڈاکٹرز کورونا کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں، جب کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے باعث 220 ڈاکٹرز زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

Facebook Comments