پیر 20 مئی 2024

وزیراعظم نے ڈانٹ ڈپٹ کی اور پھر معاف کردیا، نذیر چوہان کا دعویٰ

وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیرترین گروپ کو خیرباد کہنے والے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے ملاقات کی۔

لاہور میں گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد جیونیوزسے گفتگو میں نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ میری وزیر اعظم سے ملاقات ہو گئی ہے اور اپنی غلطیوں پر ان سے معافی مانگ لی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ میں نے وزیراعظم کو کہا کہ اپنے عمل پر شرمندہ ہوں اور آپ میرے قائد ہیں لہٰذا معاف کردیں۔

نذیر چوہان نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم سے مجھے پہلے ڈانٹ پڑی اور پھر سرزنش کے بعد معافی مل گئی۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم کو بتایا بہت سے لوگ ترین گروپ چھوڑنا چاہتے ہیں۔

نذیر چوہان نے دعویٰ کیا کہ ترین گروپ کے 11 ارکان جلد علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کریں گے اور میں جلد ان ارکان کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کراؤں گا۔

نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم نے مجھے بلدیاتی الیکشن میں متحرک ہونے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے لاہور سے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

Facebook Comments