جمعرات 09 مئی 2024

الیکشن کمیشن کا حکومت کی تیارکردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر عدم اطمینان کا اظہار

الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا،الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حکومتی تیار کردہ ای وی ایم معیار پر پورا نہیں اتری۔

 الیکشن کمیشن کے اجلاس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام بھی الیکشن کمیشن کو مطمئن نہ کرسکے، جس پر الیکشن کمیشن نے کئی سوالات کے جوابات طلب کرلئے ہیں۔

 دوسری جانب الیکشن کمیشن نے مشنیوں کی ٹیکنالوجی کے سافٹ ویئر کی کوالٹی، سیکیورٹی اور مینیوفکچرنک پر بھی تفصیلات طلب کرلیں، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی موجودہ صورت میں ووٹ کی رازداری ختم ہوجائے گی۔

 وزارت حکام نے بتایا کہ ایک وقت میں صرف 20 امیدواروں میں سے ایک کو ٹک کرنے کا آپشن ای وی ایم پر دستیاب ہوگا،بیس امیدواروں سے زیادہ کی صورت میں نئی ووٹنگ مشین لگانا ہوگی۔

قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لئے الگ الگ ووٹنگ مشین درکار ہوگی،الیکشن کمیشن کے اعتراضات دور کرنے کیلئے وزارت سائنس ٹیکنالوجی نے مہلت مانگ لی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمد کے مطابق الیکشن کمیشن انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حق میں ہے،ای وی ایم پر خدشات دور ہونے پر ہی انتخابات میں استعمال کیا جائیگا،ای وی ایم سے صاف شفاف انتخابات ممکن ہوا تو ہی مشین کا استعمال کیا جائے گا۔

Facebook Comments