جمعرات 09 مئی 2024

لاہور، ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو کل سے کن پابندیوں کا سامنا ہو گا؟

کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو صوبائی دارالحکومت میں کوئی سروس فراہم نہیں کی جائے گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ، پٹرول، ریسٹورنٹس، دکان، مارکیٹ اور شاپنگ مالز میں آنے والے شہریوں کے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ چیک کیے جائیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق کمشنر آفس لاہور میں کورونا وبا کے پیش نظر اہم اجلاس ہوا، جس میں کوویڈ19 ایس اوپیز اور ویکسینیشن کے حوالے سے سختی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ویکسینیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

 اس کے علاوہ لاہور میں تھانے کی سطح پر انفورسمنٹ کمیٹیاں فعال کرنے، ان ڈور شادی تقریبات پر مکمل پابندی جب کہ آؤٹ ڈور میں بھی مقررہ تعداد کو چیک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کمشنر لاہور نے کہا کہ ہمیں کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا ہے اور لوگوں کی غفلت سے یہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔

کشمنر نے کہا کہ یکم ستمبر سے انتظامیہ اور پولیس فلیگ مارچ کے دوران ہر جگہ چیکنگ کرے گی۔ ویکسین نہ لگوانے والے شہری کو شہر میں کوئی سروس فراہم نہیں ملے گی، ٹرانسپورٹ، فیول اور ریسٹورنٹس میں سروسز فراہمی بند کی جائے گی، دکان، مارکیٹ یا شاپنگ مال پر آنے والے ہر شہری کی ویکسینیشن چیک کی جائے گی، شاپنگ مالز میں گاہکوں کا داخلہ ویکسینیشن سے مشروط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شاپنگ مالز میں بغیر ویکسینیشن آنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کئے گئے کاروبار یا دکان کو ایک ہفتے سے پہلے نہیں کھولا جا سکے گا۔ شہری ماسک پہنیں اور ویکسین لگوائیں۔ پولیس ہدایات پر عمل درآمد کرائے گی اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Facebook Comments