پیر 20 مئی 2024

افغانستان کو تنہا چھوڑنے سے عدم استحکام پید ا ہوگا،وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دنیا کو خبر دار کردیا

لاہور(دھرتی نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہم ایک عام افغان کو بھی تنہا نہیں چھوڑسکتے اس کی زندگی کو بھی وہی اہمیت حاصل ہے جو افغانستان سے باہر نکلنے والوں کو ہے، ہم نے وہاں پھنسے لوگوں کے لئے جوکوششیں کیں وہ سب کے سامنے ہیں، دنیا کوبتانا چاہتے ہیں افغانستا ن کو مو جودہ صورتحا ل میں تنہا چھوڑنے سے عدم استحکام پید ا ہوگا ، دنیاکے فائدے میں یہی ہے کہ تمام افغانوں کو برابر کی اہمیت دی جائے اور افغانستان کی پوری طرح مدد کی جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں آج جو صورتحال بن چکی ہے اور جو نقصان ہورہا ہے پاکستان اس پر پہلے ہی توجہ دلا رہاتھا مگر دنیا کے دیگرممالک نے اہمیت نہیں دی اور آج اتنا نقصان ہونے کے بعد تمام ممالک توجہ دے رہے ہیں،اب اگر امریکا یا کوئی دوسرا ملک یہ کہے کہ کابل میں پھنسے لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے تو یہ نامناسب ہوگا کیوں کہ افغانستان کے تمام شہری ایک جیسی اہمیت کے حامل ہیں، دنیا کو چاہئے کے بلاتفریق سب کی مدد کریں،ہمارے نزدیک تمام افغان بھائی ایک جیسے ہیں چاہے وہ کابل میں ہوں یا کابل سے نکل چکے ہوں، ہمار انقطہ نظر یہی ہے کہ افغانستان کو تنہا نہ چھوڑ ا جائے ۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت خارجہ بتا چکا ہے کہ افغانستان میں حکومت سے متعلق ہم تنہا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر فیصلہ کریں گے،حکومت سازی افغان عوام کا کا م ہے، ہمار ا کا م نہیں،ہم صرف افغانستان میں استحکام کے لئے کردار ادا کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے، بھارت کا افغانستان سے کوئی تعلق تھا نہ ہوگا، لیکن اگر انڈیا کی میڈیا کو مانیٹر کریں تو لگتاہے جیسے بھارت کاسب سے بڑا مسئلہ ہی افغانستان ہے، بھارت کو جب بھی موقع ملا اس نے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا اور ہمیں یہ بات قبول نہیں ہے، ہمار ی پالیسی کے باعث افغانستان میں اربوں روپے لگا کر بھی ہندوستان تنہا ہے، بھارتی لوک سبھا کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ بھارت کے غریبوں پر لگنے والے پیسے افغانستان میں لگائے گئے اپنی حکومت سے ان پیسوں کا حساب لیں۔

 فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملکی سیاسی صورتحال میں اپوزیشن اپنا مثبت کردار ادا نہیں کررہی ہے،ہم نے بہت سے مسائل کے حل کے لئے اپوزیشن کو دعوت د ی ہے کہ آئیں اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں مگروہ معاملہ چاہے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ہو چاہے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کا ہمیں اپوزیشن کی طرف سے کوئی مثبت رد عمل نہیں ملا ، ان میں کسی کو پتہ ہی نہیں کہ ایک دوسرے کی رائے کیا ہے، مسلم لیگ(ن) میں پارٹی کی قیادت کے لئے ٹاس ہو رہا ہے، کبھی مریم نواز جیت جاتی ہیں تو کبھی شہباز شریف قیادت کرنے لگ جاتے ہیں، کچھ عرصہ شاہد خاقان عباسی سے حوالے سے بھی باتیں کی گئیں لیکن آخر میں پھر نواز شریف ہی قیادت کے لئے سامنے آجاتے ہیں۔پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) پہلے ہی ٹوٹ چکی ہے، حکومت اس انتظار میں ہے کہ اپوزیشن ملک کی بہتری کے لئے مثبت انداز میں ساتھ دے۔

 وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپکے ساتھ کھڑ ے ہیں،آج بھی بھارت سید علی گیلانی سے خوفزدہ ہے اور نریندر مودی کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

پریس کانفرنس کے بعد سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے وزیر اطلاعات سے کہا کہ مرحوم حریت رہنما سید علی گیلانی کی خدمات کے اعتراف میں ان کی یادگار تعمیر کرنی چاہئے تاکہ وہ آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ بنیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے رائے سے فوری اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر ہائی وے پر سید علی گیلانی صاحب کی یادگار تعمیر کرنے کی تجویز پیش کرتے ہیں۔

Facebook Comments