جمعہ 03 مئی 2024

بیٹے نے نماز پڑھتی ہوئی ماں کو قتل کر دیا

کراچی(دھرتی نیوز) : بیٹے نے نماز پڑھتی ہوئی ماں کو پتھر مار کر قتل کر دیا۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق گلشن معمار خادم گوٹھ میں بیٹے کے تشدد سے ماں جاں بحق ہو گئی۔پولیس کے مطابق خاتون کے داماد کا کہنا ہے کہ اسے فون آیا کہ ماں کو اس کے بیٹے نے سر پر کوئی وزنی چیز ماری ہے۔جب میں اسپتال پہنچا تو دیکھا کہ خاتون کی لاش موجود تھی،پولیس کے مطابق گھر والوں کے بیان کے مطابق بیٹے شکیل کا ذہنی توازن درست نہیں ہے اور وہ اس سے قبل بھی دو بار ایسا کر چکا ہے۔
ملزم کا رحیم یار خان میں بھی کافی عرصے سے علاج کرایا جا رہا تھا اور اسی سلسلے میں اسے کراچی لائے تھے۔وقوعہ کے وقت اس کی ماں نماز پڑھ رہی تھی۔ملزم آیا اور اپنی ماں کے سر پر پتھر مار کر فرار ہو گیا۔
متقولہ کی شناخت 60 سالہ لعل بی بی کے نام سے ہوئی ۔پولیس کے مطابق اس وقت گھر میں ان کی بیٹی بھی موجود تھی۔تاہم ان کا بیان ابھی قلمبند نہیں کیا گیا۔

پولیس نے مفرور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔جبکہ گذشتہ روز لاہور میں جائیداد کے تنازعہ پر ایک سفاک شخص نے اپنی ضعیف والدہ اور چھوٹے بھائی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں نوجوان نے جائیداد کے تنازع پر ماں اور بھائی کو قتل کر دیا۔ ملزم شہزاد نے اپنی 75 سالہ ماں اور 42 سالہ چھوٹے بھائی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم شہزاد کا اپنی ماں اور بھائی سے کئی ماہ سے 6 مرلے کے مکان کا تنازعہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے ملزم نے صبح 6 بجے اپنی ماں اور بھائی کو سوتے ہوئے کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کر دیا اور پولیس کو بلا کر یہ بتایا کہ ڈاکوؤں نے قتل کیا۔ لیکن بعد ازاں پولیس تفتیش کے دوران مشکوک بیان پر ملزم نے فوری طور پر اعتراف جُرم کر لیا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ بوداں بی بی اور اختر کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

Facebook Comments