جمعہ 03 مئی 2024

کوئٹہ: دستی بم حملے میں بچی جاں بحق، 6 افراد زخمی

کوئٹہ: دستی بم حملے میں بچی جاں بحق، 6 افراد زخمی

صوبہ بلوچستانن کے دارالحکومت کوئٹہ میں دستی بم کے حملے میں بچی جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔

فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے کوئٹہ کی بریوری روڈ پر دستی بم پھینکا جس کی زد میں آخر ایک بچی اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ ملزمان نے بریوری روڈ پر ایک دکان کے پاس دستی بم پھینکا تھا۔

 علاوہ ازیں سول ہسپتال نے واقعہ میں بچی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

ترجمان سول ہسپتال وسیم بیگ کے مطابق دھماکے سے 5 زخمیوں کو ہسپتال کے ٹراما سنٹر لایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے زخمیوں کے علاج کے لیے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ تین روز قبل ہی چمن کے مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس افسر محمد محسن نے بتایا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

 اسسٹنٹ کمشنر ذکا اللہ درانی نے کہا تھا کہ دھماکے میں انسداد منشیات کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے بدامنی کا شکار ہے، جس کے پیچھے بیرون دشمنوں کا ہاتھ ہونے کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے۔

چمن بلوچستان کا حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس کی سرحدیں افغانستان کے صوبے قندھار سے لگتی ہیں۔

گزشتہ ماہ صوبہ بلوچستان کے شہر تربت کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل مئی کے مہینے میں بلوچستان میں ایک بم دھماکے اور عسکریت پسندوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔

 اپریل کے مہینے میں قلعہ عبداللہ کے علاقے ٹوبہ اچکزئی میں ایک دھماکے کے نیتجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

رواں سال مارچ میں چمن کی لیویز لائن میں موٹر سائیکل بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

قبل ازیں 18 فروری کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔

Facebook Comments