ھفتہ 04 مئی 2024

کم سن بہنوں نے 14 اگست منفرد انداز میں منا کر مثال قائم کر دی

کم سن بہنوں نے 14 اگست منفرد انداز میں منا کر مثال قائم کر دی

 کراچی: شہر قائد کے علاقے اولڈ مظفر آباد کالونی کی کم سن بہنوں نے 14 اگست منفرد انداز میں منا کر اعلیٰ مثال قائم کر دی۔

دھرتی نیوز کے مطابق ملک میں ہر سال یوم آزادی تو سبھی مناتے ہیں لیکن کراچی میں رہنے والے تین بہنوں اور ایک بھائی نے سوچا کہ اس بار پاکستان کے یوم آزادی پر کچھ ایسا کیا جائے جس سے کم از کم آس پاس کے لوگوں کو فائدہ پہنچے۔

اس سلسلے میں اولڈ مظفر آباد کی آمنہ نے بہن کے ساتھ مل کر 14 اگست کو علاقے کا کچرا صاف کیا، اس علاقے میں صفائی کا بڑا مسئلہ ہے، اس لیے کم سن بہنوں نے

اسی مسئلے کا حل نکالنے کے لیے عملی قدم اٹھایا۔

اپنے عمل سے پاکستانی پرچم کے رنگ میں ملبوس بہنوں نے بڑوں کو سبق دے دیا، بچیوں نے ماسک لگا کر کرونا کے حوالے سے بھی پیغام دیا۔

واضح رہے کہ اولڈ مظفر آباد کالونی میں پانی اور کچرے سمیت بجلی کی عدم فراہمی کے مسائل ہیں، صفائی کے حوالے سے ان تمام بچوں کی عادتیں مثالی ہیں، 2 سال قبل یہ چار بہن بھائی جب سوات گئے تو انھوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ مینگورہ اتنا خوب صورت ہے مگر لوگ اس کو گندا کرتے ہیں۔

یہ دیکھ کر انھوں نے فیصلہ کیا کہ کسی بھی اسپاٹ پر جائیں گے تو اپنے ساتھ 2 بڑے بڑے شاپنگ بیگز بھی لے کر جائیں گے اور وہاں لوگوں کا پھینکا گیا کچرا ضرور اٹھائیں گے اور مناسب جگہ پر واپس لا کر ڈمپ کریں گے۔

اس سلسلے میں کالام میں انھوں نے 6 گھنٹے گزارے اور وہاں سے جوس کے ڈبے، چپس کے پیکٹس، پلاسٹک کی بوتلوں سے بھرے چار بڑے شاپنگ بیگز کا کچرا جمع کر کے واپس مینگورہ لاکر ڈمپ کیے۔ 

یہ عادت ان بھائی بہنوں میں اتنی پختہ ہو چکی ہے کہ جہاں جاتے ہیں کوڑا سمیٹ کر ڈمپ کرنا نہیں بھولتے، 14 اگست کے دن بھی انھوں نے اپنی گلی کی صفائی کی، اس دوران بھائی ویڈیو بناتا رہا اور یہ دو بہنیں کچرا جمع کرتی رہیں۔

واضح رہے کہ آمنہ کے چاچا عامر گزشتہ برس فیکٹری میں قواعد کے خلاف مبینہ تجربے کے دوران جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

Facebook Comments