جمعہ 17 مئی 2024

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیر آب

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیر آب

پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئےجب کہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

 راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

قصور، گجرات، ملکوال، منڈی بہاءالدین، اوکاڑہ، جہلم، حافظ آباد، چنیوٹ، مانسہرہ، شمالی وزیرستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ کل رات سے جاری ہے جہاں والٹن روڈ، بادامی باغ، گلبرگ اور مال روڈ کے علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے جب کہ پانی کے نکاس کے لیے واسا کا عملہ مصروف عمل ہے۔

مزید پڑھیں : پنجاب میں بارش کے سبب مختلف حادثات میں13 افراد جاں بحق

 جہلم شہر اور گردونواح میں ہونے والی بارشوں نے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا پول کھول دیا اور چند گھنٹوں کی بارش سے شہر بھر کی تمام شاہراہیں نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

اس کے علاوہ بارش کی بوند برستے ہی کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی گزشتہ رات بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  آج بھی اسلام آباد ،پنجاب،خیبر پختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ شمال مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی کہیں کہیں بادل برس سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے  نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ  واسا اور انتظامیہ نکاس آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار  لائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور  نکاس آب کے لیے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے جب کہ  ٹریفک رواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں۔

Facebook Comments