اتوار 19 مئی 2024

“سنیل گواسکر نے جواب دے دیا ”میں نے کبھی انوشکا شرما پر الزام نہیں لگایا

“سنیل گواسکر نے جواب دے دیا ”میں نے کبھی انوشکا شرما پر الزام نہیں لگایا

دبئی (دھرتی نیوز) بھارت کے معروف سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ میرے بیانات کو منفی انداز میں لیا جا رہا ہے، میں نے ویرات کوہلی کی ناقص کارکردگی کا ذمہ دار ان کی اہلیہ انوشکا شرما کو کبھی نہیں ٹھہرایا اور نہ ہی متنازعہ ریمارکس دئیے بلکہ میرے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق سنیل گواسکر نے انوشکا شرما کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے تو مجھے یہ بتائیں کہ میں کب اور کہاں ان پر الزام لگایا؟ میں انہیں مورد الزام نہیں ٹھہرا رہا۔ میں نے صرف اتنا کہا کہ ویڈیو سے تو یہی پتہ چلتا ہے کہ ویرات کوہلی صرف انوشکا شرما کی باﺅلنگ پر ہی پریکٹس کرتے رہے اور لاک ڈاﺅن کے دوران ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ ان کی باﺅلنگ کا ہی سامنا کیا ہے، ٹینس بال سے لوگوں نے لاک ڈاﺅن میں وقت گزاری کیلئے بہت کھیلا،اتنا ہی کہا، تو بتائیں کہ انوشکا شرما پر کہاں الزام لگایا ہے۔ 

سنیل گواسکر کا مزید کہنا تھا کہ میں ان لوگوں میں سے ہوں جنہوں نے سب سے زیادہ اس حق میں آواز بلند کی کہ غیر ملکی دوروں پر کھلاڑیوں کی بیگمات کو بھی ساتھ جانے دیا جائے۔ میں وہ شخص ہوں جس نے یہ کہا کہ ایک عام آدمی جب 9 سے 5 بجے تک ڈیوٹی کر کے واپس آتا ہے تو اپنے بیوی بچوں سے ملتا ہے، تو پھر کرکٹرز غیر ملکی دوروں پر اپنی بیگمات کو ساتھ کیوں نہیں لے جا سکتے۔ کمنٹری کے دوران آکاش چوپڑا نے بھی کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ لاک ڈاﺅن کے دوران کھلاڑیوں کو مناسب پریکٹس کے مواقع نہیں ملے اور یہی وجہ ہے کہ آئی پی ایل کے ابتدائی میچز میں چند کھلاڑیوں کی کارکردگی ’زنگ آلود‘ نظر آئی، اپنے پہلے میچ میں روہت شرما بھی صحیح طرح نہ کھیل سکے مگر دوسرے میچ میں رنز بنانے میں کامیاب رہے، اسی طرح مہندرا سنگھ دھونی بھی پہلے میچ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ 

واضح رہے کہ آئی پی ایل کے میچ کے دوران سنیل گواسکر نے کمنٹری کے دوران ایک جملہ ادا کیا جس پر انوشکا شرما سیخ پا ہو گئیں۔ متحدہ عرب امارات (آئی پی ایل) کے میچ میں ویرات کوہلی کی ناقص فیلڈنگ پر سابق کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے کہا کہ ”لگتا ہے کوہلی لاک ڈاؤن کے دوران صرف انوشکا کی باؤلنگ پریکٹس کررہے تھے۔“

Facebook Comments