اتوار 05 مئی 2024

سانحہ موٹر وے ، پولیس نے خود گرفتاری دینے والا وقار الحسن کو رہا کردیا

سانحہ موٹر وے ، پولیس نے خود گرفتاری دینے والا وقار الحسن کو رہا کردیا
فوٹو :فائل

لاہور(دھرتی نیوز)لاہور پولیس نے موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے کیس میں خود کو قانون کے حوالے کرنے اور کیس کی تحقیقات میں مدد دینے والے وقار الحسن کو رہا کر دیا ہے۔

دھرتی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس میں الزام آنے کے بعد خود گرفتاری دینے والے وقار الحسن کو 20 روز تک حراست میں رکھا گیا، اس دوران وقار کا ڈی این اے سیمپل بھی زیادتی کا شکار خاتون سے میچ نہیں ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ وقار الحسن سے ہونے والی تفتیش کی مدد کے بعد اس کیس کے دوسرے ملزم شفقت کو گرفتار کیا گیا جبکہ کوئی کیس نہ ہونے کے باعث وقار الحسن کو رہا کر دیا گیا ہے۔

خود کو قانون کے حوالے کرنے والے وقار الحسن کو متاثرہ خاتون نے پہچاننے سے انکار کر دیا تھا، وقار الحسن نے دورانِ تفتیش پولیس کو بتایا تھا کہ کیس کے مرکزی ملزم عابد کے ساتھ شفقت نامی شخص وارداتوں میں ملوث ہے جو بہاولنگر کا رہائشی ہے، وقار الحسن کے اس بیان پر پولیس نے ملزم شفقت کو گرفتار کیا تھا۔

موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کےلئے پولیس کی جانب سے کوششیں جاری ہیں اور مختلف مقامات پر مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی 9 تاریخ کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر 2 افراد کی جانب سے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Facebook Comments