ھفتہ 18 مئی 2024

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار یاں مکمل: سکندر سلطان راجہ

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار یاں مکمل: سکندر سلطان راجہ

پشاور(دھرتی نیوز)چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے  کہا ہے۔ کہ الیکشن کمیشن  خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے  تمام تیاریاں کرچکا ہے۔ صوبائی حکومت سات ڈویژنل ہیڈکوارٹرز  کے اضلاع میں تحصیل کونسل کے حوالہ سے حائل قانونی رکاوٹیں جلد از جلد دور کریں تاکہ  ان اضلاع میں حلقہ بندیوں کاکام شروع کیا جاسکے۔  ان خیالات  کا اظہار  انہوں نے  آج پشاور میں صوبائی الیکشن کمشنر، خیبر پختونخوا کے دفتر  میں افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں    خیبرپختونخوا  سے ممبر الیکشن کمیشن  جسٹس (ر) ارشاد قیصر، صوبائی الیکشن کمشنر، خیبرپختونخوا شریف اللہ،  جائینٹ صوبائی الیکشن کمشنر ہارون خان شینواری،  ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عنایت اللہ خان وزیر، ڈائریکٹر الیکشن خوشحال زادہ،  ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن محمد ممتاز اور پبلک ریلیشن آفیسر  سہیل احمد نے شرکت کی۔  چیف الیکشن کمشنر نے تمام افسران پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار آئینی ادارہ ہے جس کا کام غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ اس لئے  الیکشن کمیشن کے  تمام افسران  صوبہ بھر میں  جاری حلقہ بندیوں کے کام کو بخوبی سرانجام دیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کے سیاسی دباو میں نہ آئیں۔  صوبائی حکومت کی جانب سے  سات ڈویژنل اضلاع  میں تحصیل کونسلوں کے قیام میں قانونی رکاوٹیں دور کرنے کی غرض سے چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور  پر  سیکرٹری بلدیات حکومت  خیبرپختونخوا سے رابطہ کرے تاکہ  ان اضلاع میں حلقہ بندیوں کاکام جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔ چیف الیکشن کمشنر سکند سلطان راجہ نے  ہدایت کی کہ  حلقہ بندیوں پر آج تک  تمام اضلاع میں  داخل ہونیوالے 51  اعتراضات  کو  میڈیا میں مشتہر  کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ اعتراضات کرنیوالوں  کو الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانیوالی قانونی کاروائی سے آگاہی ہوسکے۔ انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ حلقہ بندیوں کے کام میں الیکشن کمیشن کی معاونت اور راہنمائی کریں۔ اُنہوں نے محکمہ کے افسران کو دفتری امور کے سلسلے میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی زور دیا اور اُنہیں یقین دہانی کرائی کہ اُن کی ہر ممکن رہنمائی اور دفتری اُمور میں حائل مشکلات کو دور کیا جائیگا۔ اس سے پہلے صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا جناب شریف اللہ نے چیف الیکشن کمشنر کو حلقہ بندیوں اور دیگر دفتری معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدا ازاں چیف الیکشن کمشنر نے  صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختون خوا  کے دفتر کی نئی  عمارت واقع  شامی روڈ پشاور کینٹ   کا معائینہ کیا اور  اس حوالہ سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 

Facebook Comments