جمعہ 26 اپریل 2024

بچوں کو پاکستان سمگل کرنے کا الزام، سابق شوہر اسد خٹک کا ہرجانے کا نوٹس، وینا ملک کا جواب بھی آگیا

بچوں کو پاکستان سمگل کرنے کا الزام، سابق شوہر اسد خٹک کا ہرجانے کا نوٹس، وینا ملک کا جواب بھی آگیا

کراچی (دھرتی نیوز) اداکارہ و میزبان وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے وینا ملک پر بچوں کو غیرقانونی طور پر پاکستان اسمگل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے جس پر وینا ملک بھی میدان میں آگئیں۔

اسد خٹک نے اربابِ اختیار سے  درخواست کی کہ مجھے انصاف دلوائیں اور مجھے میرے بچے ابرام اسد خان اور امل اسد خان لوٹا دیں۔اسد خٹک نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ جس اذیت سے میں گزر رہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا۔ میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔‘

اسد خٹک کے مطابق ’وینا ملک نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باجود  مجھے اپنے بچوں سے ملنے دیا ہے اور نہ بات کرنے دے رہی ہے۔ تنگ آکر مجھے قانونی راستہ اپنانا پڑا اور دبئی کورٹ نے بھی میرے حق میں فیصلہ دیا، لیکن وینا فرار ہوئی اور بچے متحدہ عرب امارات سے پاکستان سمگل کر دیے گئے۔‘

 انہوں نے کہا کہ ’میرے دونوں بچے امریکی شہری ہیں۔ وینا ملک نے نا صرف مجھے دھوکا دیا بلکہ دبئی حکومت کو بھی چکمہ دے کر بچوں کو پاکستان لے آئی۔ اب ان سب باتوں کا جواب کورٹ میں دینا ہوگا۔ دو امریکی شہری کس طرح دبئی سے پاکستان سمگل ہو گئے۔ پاکستانی حکومت کہاں ہے۔‘

اسد خٹک نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں سابقہ اہلیہ پر الزام عائد کیا کہ ’ان سب کے باوجود میری ہی کردار کشی کی گئی۔ مجھے اور میرے خاندان کو دھمکیاں اور ہراساں کیا گیا۔ میرا کرئیر تباہ اور میرے ساتھ بازاری زبان استعمال کی گئی لیکن انسان کا سب بڑا اثاثہ اس کی اولاد ہوتی ہے، جن کی آنکھوں سے نور چھن جائے ان کے صبح شام ایک برابر ہوتے ہیں۔‘

ڈیڑھ سال کی خاموشی کی وجہ بتاتے ہوئے اسد خٹک نے کہا کہ ’بہت بڑے نامور لوگوں اور علما کے کہنے پر زبان بند رکھی، بچوں کی خاطر ہر چیز برداشت کی، لیکن وقت آ گیا ہے کہ اس شرمناک عورت کی اصلیت سب کے سامنے رکھی جائے۔ ‘

اسد خٹک نے دبئی عدالت کے احکامات اور بچوں کی شناختی دستاویزات بھی ٹوئٹر پر شیئر کردی ہیں،وینا ملک کی نازیبا زبان استعمال کرتی مبینہ آڈیو کال بھی ٹوئٹر پر شیئر کی۔

ادھراداکارہ و میزبان وینا ملک شوہر کے سنگین الزامات کے بعد میدان میں آگئیں، انہوں نے کہا کہ  قانون اور شریعت کی رو سے25 ستمبر 2019 سے بچوں کی سرپرستی میرے پاس ہے۔ اداکارہ نے 2017 میں اسد خٹک سے طلاق لی، انہوں نے طلاق نامہ بھی شیئر کیا،ایک اور ٹوئٹ میں  بچوں کی سرپرستی کے حوالے سے عدالت کے فیصلے کی کاپی بھی شیئر کی، دبئی میں بھی قانون اور شریعت کی رو سے سرپرستی ماں یعنی انہی کے پاس ہے، میرے بچے میری تحویل میں ہیں اسد خٹک سستی شہرت کیلئے الزامات لگا رہے ہیں۔

وینا ملک نے کیمرے کی روشن آنکھوں، ہر سو رونقیں بکھیرتی روشنیوں اور رنگ برنگی گلیمر کی دنیا کو اچانک خیر باد کہہ کر اپنے شوہر کے ساتھ گھر بسانے کا ارادہ کیا تھا۔اداکارہ وینا ملک ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں کیونکہ ان کے شوہر نے اپنے ہی بچے سمگل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

یادرہے کہ وینا ملک نے 25 دسمبر 2013 کو اسد خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل 2018 میں وینا ملک نے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں انہوں نے اپنی خلع کی تصدیق کی تھی، پروگرام کے میزبان نے وینا ملک کی شادی ٹوٹنے اور شوہر سے علیحدگی کی خبروں پر سوال کیا کہ آخر معاملہ کیا ہوا تھا جس پر وینا نے کہا وہ اپنے دونوں بچوں کے ساتھ خوش ہیں۔

Facebook Comments