اتوار 12 مئی 2024

اسکول کب تک بند ہو سکتے ہیں ؟سعید غنی کا اہم بیان

اسکول کب تک بند ہو سکتے ہیں ؟سعید غنی کا اہم بیان

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ اگر صورت حال خراب ہوئی تو اسکول بند کیے جا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا لیکن اسکول بند نہ کرنا ہماری ضد نہیں ہے، اگر صورت حال خراب ہوئی ہو اسکول بند کر سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کورونا کی روک تھام سے متعلق پورے ملک میں اقدامات کرنے ہوں گے۔

گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث پہلے ہی معمول سے زیادہ تعطیلات ہو چکی ہیں لہذا رواں برس موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔

واضح رہےکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ بداحتیاطی کا نتیجہ ہے کہ کورونا کیسز میں چار گنا اضافہ ہوا اور  خدشہ ہے کہ اسپتالوں میں جون جیسے حالات ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں اور معیشت کا تحفظ چاہتے ہیں تو بطور لیڈر ہمیں خود پر پابندی لگانا ہوگی۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ  این سی او سی نے تین سو سے زائد لوگوں کے اجتماع کی اجازت نہ دینےکافیصلہ کیا ہے اور سندھ حکومت چاہتی ہےکہ باہر تقریبات پر پابندی کے بجائے گنجائش سے 50 فیصد افراد کی اجازت ہو۔

کورونا کے وار، گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال

گزشتہ چوبیس  گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متا ثرہ مزید 37 افراد جاں بحق ہو گئے۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق  ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی ہے۔

 گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 37 اموات ہوئیں جس کے بعد کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار 230 تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے 3 لاکھ 25 ہزار 788 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

 اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 24 ہزار 871 ہو چکی ہیں جبکہ مزید 3 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 263 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد میں کورونا کے 3 ہزار900 مریض زیر علاج ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 42 ہزار 815  ہے اور ایک ہزار 318 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

سندھ میں ایک لاکھ 57 ہزار 432 کورونا کیسز ہو چکے ہیں جبکہ سندھ میں مزید 9 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 760 تک پہنچ چکی ہے۔

 پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار626 کورونا کیسز ہیں اور مزید 17 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 509 تک پہنچ گئی ہے۔

 بلوچستان میں 16 ہزار 529 افراد متاثر اور اموات کی مجموعی تعداد 156 ہے۔

گلگت بلتستان میں کورونا کے 4 ہزار467 کیسز اور 93 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔

Facebook Comments