جمعہ 26 اپریل 2024

ارطغرل کے بعد پی ٹی وی نے کون سا ترک ڈرامہ نشر کرنے کا اعلان کر دیا؟

ارطغرل کے بعد پی ٹی وی نے کون سا ترک ڈرامہ نشر کرنے کا اعلان کر دیا؟

ترکی کے ڈرامے’دیریلیش ارطغرل’ کو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اردو ترجمہ کرکے ’ارطغرل غازی’ کے نام سے نشر کیا جارہا ہے جس نے پاکستانی عوام میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے۔

اسلامی فتوحات پر مبنی ڈرامے ‘دیریلیش ارطغرل’ کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی پر نشر کیا گیا اور ان دنوں اس ڈرامے کا دوسرا سیزن نشر کیا جارہا ہے۔

اور اب وزیراعظم عمران خان ہی کی خواہش پر پی ٹی وی پر ایک اور ترک ڈرامے ‘یونس امرے’ کو اردو زبان میں ترجمہ کرکے نشر کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پی ٹی وی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ‘یونس امرے’ کو ‘راہِ عشق’ کے نام سے جلد نشر کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی ٹوئٹ میں پی ٹی وی کی جانب سے ڈرامے کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا۔

تاہم یہ ڈراما پی ٹی وی پر کب سے نشر کیا جائے گا اس حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں برس مئی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے انکشاف کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ‘یونس امرے’ کو بھی پاکستان میں نشر کیا جائے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی دلی خواہش ہے کہ اسلامی تاریخ کی اہم شخصیت کی زندگی پر بنائے گئے ڈرامے ‘یونس امرے’کو بھی پاکستان میں نشر کیا جائے تاکہ عوام اپنی تاریخ سے واقف ہوں۔

‘یونس امرے’ ڈرامے کو ترکی کے سرکاری ٹی وی چینل ٹی آر ٹی ون نے بنایا تھا اور اس ڈرامے کا پہلا سیزن 2015 میں جب کہ دوسرا سیزن 2016 میں نشر کیا گیا تھا اور ڈرامے کی مجموعی طور پر 41 اقساط تھیں۔

مذکورہ ڈرامے کو بھی ترکی کے علاوہ دیگر اسلامی ممالک اور خصوصی طور پر مشرق وسطیٰ میں کافی پسند کیا گیا جب کہ اسی ڈرامے کو پروڈکشن ہاؤس (ٹیلی وستان) اردو سب ٹائیٹلز کے ساتھ آن لائن ریلیز کر چکا ہے۔

‘یونس امرے’ ڈراما دراصل 13 ویں صدی کے ترک صوفی شاعر یونس امرے کی زندگی پر بنایا گیا ہے۔

Facebook Comments