جمعہ 17 مئی 2024

الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران اور ملازمین برطرف

الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران اور ملازمین برطرف

کراچی(دھرتی نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھرتیوں کے معاملے پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران اور ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبائی دفتر سندھ کراچی میں سنہ 2015 میں کی گئی بھرتیوں کے حوالے سے شکایات کی بنیاد پر گریڈ 20 کے افسر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے مکمل جانچ پڑتال کے بعد اپنی رپورٹ مجاز افسران کو جمع کروا دی۔

رپورٹ کی روشنی میں مجاز افسران نے کارروائی کرتے ہوئے ملازمین کے خلاف کارروائی کی اور 5 جونئیر پرسنل اسسٹنٹ، 5 سینئیر اسسٹنٹ، 3 جونئیر اسسٹنٹ اور ایک اسسٹنٹ کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔

ایک جونیئر اسسٹنٹ، ایک سینئر اسسٹنٹ اور ایک اسسٹنٹ کو جبری ریٹائر کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور سیئر پرسنل اسسٹنٹ کے خلاف کارروائی بھی آخری مراحل میں جاری ہے۔

Facebook Comments