جمعہ 26 اپریل 2024

سندھ ہائیکورٹ: توہین عدالت کی درخواست پرچیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ طلب

سندھ ہائیکورٹ

کراچی(دھرتی نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سیکرٹری ہوم اور جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پرآئندہ سماعت پر دونوںافسران کو پیش ہونے کاحکم دیدیا،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ہم ابھی چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ کے وارنٹ جاری کردیتے ہیں ،ان کو معلوم نہیں ان کے خلاف توہین عدالت کاکیس چل رہا ہے ۔

دھرتی نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ڈینیل پرل قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے باوجود عدم رہائی پرسیکرٹری ہوم اور جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی سماعت ہوئی،حسن سہتوسپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اورسپیشل سیکرٹری داخلہ پیش ہوئے،چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ کی عدم پیشی پر عدالت برہم ہو گئی، فوکل پرسن نے کہاکہ سیکرٹری داخلہ راستے میں ہیں ،جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹونے کہاکہ کیا سیکرٹری داخلہ سندھ دیر سے اٹھتے ہیں ،ہم ابھی چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ کے وارنٹ جاری کردیتے ہیں ،ان کو معلوم نہیں ان کے خلاف توہین عدالت کاکیس چل رہا ہے ،عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں افسران کو پیش ہونے کاحکم دیدیا۔

Facebook Comments