جمعرات 02 مئی 2024

’کرکٹ بورڈ محمد حفیظ کیساتھ زیادتی کر رہا ہے‘ سلیم ملک نے محمد حفیظ کے حق میں آواز بلند کر دی

محمد حفیظ

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے محمد حفیظ اور ٹیم میں سینئرز کی موجودگی کے حق میں آواز بلند کر دی ہے جن کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ پاکستان کا اہم کھلاڑی ہے ان کی پرفارمنس بہت اچھی تھی، کرکٹ بورڈ والے ان کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں وہیل چیئرز کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کون کس کے خلاف ہوجاتا ہے، اکثر دیکھنے میں آتا ہے جب سینئرز کا کیرئیر ختم ہونے والا ہوتا ہے تو اسے کھلایا نہیں جاتا حالانکہ سینئرز کا ٹیم میں ہونا بہت ضروری ہے اور ایک دم سے صرف جونیئرز کو ہی ٹیم میں نہیں ڈالنا چاہیے۔

سلیم ملک نے واضح کیا کہ وزیراعظم ہاﺅس جانا کوئی بری بات نہیں وہاں تو وہ بھی جاتے ہیں جن کو نہیں جانا چاہیے، میرا نہیں خیال مصباح، اظہر اور حفیظ کو وزیراعظم ہاﺅس جانے کی سزا دی گئی ہے، میں جب سے ٹیم میں آیا تو دیکھا کہ جو زیادہ کرکٹ کھیلتے ہیں بدقسمتی وہ بورڈ میں نہیں آتے اور ان کی جگہ ہمیشہ ایک دو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کو چیف سلیکٹر سمیت دیگر اہم ذمہ داریاں سونپ دی جاتی ہیں۔

سلیم ملک کا کہنا تھا کہ میں اپنا کیس جیت گیا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے میرے کیس کو نوکری کی وجہ قرار دیا، اگر رپورٹ پڑھی جائے تو مجھ پر کبھی بھی پابندی نہیں تھی، پچھلے 20 سال سے لوگوں کو بتا رہا ہوں کہ مجھ پر کوئی پابندی نہیں، مجھے کس چیز کی سزا دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 ہوم سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے لیکن محمد حفیظ کو انگلینڈ اور پھر نیوزی لینڈ میں انتہائی عمدہ کارکردگی کے با وجود بھی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جس پر سینئر آل راﺅنڈر نے بھی اپنی ٹویٹ کے ذریعے مایوسی کا اظہار کیا جبکہ کئی سابق کرکٹرز اور ماہرین بھی اس فیصلے پر حیرت کا اظہار کرنے میں مصروف ہیں۔

Facebook Comments