بدہ 15 مئی 2024

سعودی عرب کے بعد ایک اور عرب ملک نے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا

کویت سٹی (دھرتی نیوز)کویتی کابینہ نے باہر سے آنے والوں کو ایک ہفتے تک ہوٹل میں قرنطینہ میں رکھنے اور سات فروری سے دو ہفتے کےلیے ملک میں غیر کویتی باشندوں کے داخلہ پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی ویب سائٹ ’ سبق ‘‘ کے مطابق کویتی کابینہ کا کہنا ہے کہ کویتی شہریوں کو عام حالات میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی، انتہائی ضرورت کے عالم میں ہی انہیں سفر کی اجازت دی جائے گی۔ کویتی کابینہ نے پورے ملک میں سپورٹس کلبز اور سیلون بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس پر عمل درآمد آئندہ ہفتے سے ہوگا۔

کابینہ کے فیصلے کے مطابق ملک میں تجارتی مراکز اور ریستوران بھی رات 8 بجے سے بند کیے جائیں گے، اس کی شروعات آئندہ ہفتے سے ہوگی۔ اس بندش سے ریستوران کی ہوم ڈلیوری سروس مستثنی رہے گی۔

 روئٹرز کے مطابق کویت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث سات فروری سے دو ہفتے کے لیے غیر ملکیوں پر سفری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔کویتی کابینہ کا یہ فیصلہ سرکاری ٹی وی پر پڑھ کر سنایا گیا ہے۔ ملک میں داخل ہونے والے تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

Facebook Comments