پیر 20 مئی 2024

الیکشن کمیشن کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلائی جارہی ہے: بلاول بھٹو

کراچی(دھرتی نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں ہارنے والے اب سینیٹ الیکشن سے پریشان ہیں اس لیے الیکشن کمیشن کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلائی جارہی ہے۔ حکومت کواکثریت حاصل ہے تو چور دروازے ڈھونڈنے کے بجائے مقابلہ کرے۔

 دھرتی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹنگ اوپن بیلٹ سے ہو یا خفیہ طور پر ہم تیار ہیں، حکومت اپنی تیاری پکڑ لے ، کسی کو دھونس دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کا سینیٹ انتخابات کے لیے عدالت میں ریفرنس اپنے ارکان کےخلاف عدم اعتماد ہے۔حکومت ہر ادارے کو متنازع بنا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان کو صاف نظر آ رہا ہے کہ حکومت جا رہی ہے، اس لئے وہ پیپلز پارٹی کے پاس آ رہے ہیں۔پیپلزپارٹی نے کراچی کی سیٹ جیت کر بنی گالہ کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ حکومت کو ہر میدان میں شکست دے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پرسکون تھے کہ اپوزیشن ضمنی اور سینیٹ الیکشن کا بائیکاٹ کر دے گی لیکن پی ڈی ایم نے سیاسی کارڈ کھیلے۔ سینیٹ انتخابات میں ڈاکہ ڈالنے، دھاندلی اور کسی کو چور دروازے سے اکثریت دلوانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

Facebook Comments