پیر 20 مئی 2024

وزیراعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان لیکن انہیں کم از کم کتنے اراکین کی حمایت لینا ہوگی؟ سارا طریقہ کار سامنے آگیا

اسلام آباد (دھرتی نیوز)سینیٹ کے الیکشن میں اپ سیٹ کے بعد وزیراعظم عمران خان الیکشن کمیشن پر برس پڑے اور ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی اعلان کردیا، انہیں ایوان سے ہرصورت میں سادہ اکثریت یعنی 172 ارکان کی حمایت چاہیے ہوگی ، یہ ووٹ کھلی رائے شماری کے ذریعے لیا جائے گا۔

 دھرتی نیوز نے قومی اسمبلی کے قواعد کے حوالے سے بتایا کہ ایوان کی کارروائی شروع ہونے پرسپیکر قومی اسمبلی 5 منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجا کر ارکان کی حاضری یقینی بنائیں گے جس کے بعد ایوان کے تمام دروازے بند کردیےجائیں گے تاکہ کوئی رکن باہر یا اندر نہ آسکے، وزیراعظم پر اعتماد کی قراردادپڑھنے کے بعد ارکان کو ہدایت کریں گے کہ قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالنے کےخواہش مند شمارکنندگان کے پاس ووٹ درج کروادیں، شمارکنندگان کی فہرست میں رکن کے نمبر کے سامنے نشان لگاکراس کانام پکارا جائے گا۔

 قواعد کے تحت ووٹ درج ہونے کے بعد ارکان ہال کی لابیز میں انتظار کریں گے، تمام ارکان کا ووٹ درج ہونےکے بعد سپیکر رائے دہی مکمل ہونے کا اعلان کریں گے اور سیکرٹری اسمبلی ووٹوں کی گنتی کرکے نتیجہ سپیکر کے حوالے کر دیں گے۔ سپیکر دوبارہ گھنٹیاں بجائیں گے تاکہ لابیز میں موجود ارکان قومی اسمبلی ہال میں واپس آجائیں اورپھر سپیکر قومی اسمبلی نتیجے کا اعلان کردیں گے۔

وزیراعظم پراعتماد کی قرارداد منظوریا مستردہونے کےبارے میں صدر مملکت کو تحریری طور پر آگاہ بھی کریں گے۔

Facebook Comments