ھفتہ 27 اپریل 2024

ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع، فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی

فیصل آباد(دھرتی نیوز) پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع میں فائرنگ اور تشدد سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ٹک ٹاک بنانے کی شکایت پر ہونے والی فائرنگ اور تشدد سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملک پور کا رہائشی زین اپنے دوست سلیمان کے ساتھ ٹک ٹاک بناتا تھا، جس پر سلیمان کی والدہ فوزیہ شکایت لے کر زین کے گھر گئیں اور الزام لگایا کہ زین میرے بیٹے کو خراب کر رہا ہے۔

زین کی والدہ نے بیٹے کی شکایت کرنے والی خاتون سے جھگڑا شروع کر دیا اور اس کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق تشدد کے بعد جب سلیمان کی والدہ فوزیہ اپنے گھر پہنچیں تو مزید خواتین نے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا، خرم اور نعمان نامی افراد کی فائرنگ سے کم سن بچی سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سلیمان کے گھر پر حملہ زین، اس کی والدہ، خرم، نعمان، لطیف اور 5 خواتین نے کیا تھا، جب کہ خرم اور نعمان کی فائرنگ سے سونیا، شہناز، 10 سالہ طیبہ، اور غلام شبیر زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعے پر تھانہ منصور آباد پولیس نے 3 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

مدعی رفیق نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان نے مقدمہ درج ہونے کے بعد ان کے گھر پر دوبارہ فائرنگ کی ہے، ملزمان مسلح ہو کر علاقے میں دندناتے پھر رہے ہیں، اور ان کی جان کو خطرہ ہے۔

Facebook Comments