پیر 20 مئی 2024

پنجاب میں کورونا کی تشویشناک صورتحال، مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ

لاہور(دھرتی نیوز)  پنجاب میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاہور ، گوجرانوالہ اور گجرات کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا کہ گوجرانوالہ کے 20، لاہور کے 5 اور گجرات کے 3 مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا، ان علاقوں میں علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی اور انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔

کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگایاگیا ہے، وہاں ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ تمام شاپنگ مالز،ریسٹورانٹ، دفاترنجی اور سرکاری بند رہیں گے تاہم تمام میڈیکل سروسز، فارمیسی، میڈیکل سٹور، لیبارٹریاں ، کولیکشن پوائنٹس، اسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مزید کہا کہ ملک شاپس،چکن اور گوشت، مچھلی کی شاپس اور بیکریاں صبح 7سے شام 7بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ گروسری اسٹورز،جنرل سٹورز،آٹا چکیاں،فروٹ،سبزی کی دوکانیں، تندور اور پیڑول پمپس 9بجے سے شام 7بجے کھل سکیں گی۔

محمد عثمان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں سے لوگوں کی آمدورفت کو محدود کرنا ہے۔

گذشتہ روز پنجاب کے سات اضلاع میں غیر نصابی سرگرمیوں اور اسپورٹس پر پابندی عائد کردی گئی تھی ، محکمہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ بیس فیصد سے زائد کیسز والے اضلاع میں غیرنصابی سرگرمیاں نہیں ہوں گی۔

Facebook Comments