پیر 20 مئی 2024

آج حکومت الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوئی ،کل یہی ٹولہ ۔۔۔شاہد خاقان عباسی نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

اسلام آباد(دھرتی نیوز)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج پوری حکومت الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوئی ،اِنہوں نے ملکی اداروں اور معیشت کو تباہ کیا ،کل یہی وزیر ٹولہ اپنے لانے والوں پر حملہ آور ہو گا ،ووٹ کو عزت دی جاتی تو ملک میں آج عمران خان جیسا وزیراعظم نازل نہ ہوتا ۔

مریم نواز شریف اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج کابینہ کے ممبر نے الیکشن کمیشن کے حوالے سے پریس کانفرنس کی ہے ،یہ نہ صرف ایک افسوسناک بلکہ تشویشناک بات ہے ،جب کابینہ کا ممبر بات کرتا ہے تو وہ کابینہ اور حکومتی رائے کا اظہار کرتا ہے ،آج پاکستان کی کابینہ یہ کہہ رہی ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو جائے ،یہ معمولی بات نہیں ہے،اس پر پورے پاکستان کو سوچنا پڑے گا ۔

 انہوں نے کہا کہ یہ وہ حکومت ہے جو پہلے پارلیمان پہ حملہ آور ہوئی اسے مفلوج کیا پھر نیب کو بلیک میل کرکے کنٹرول کیا ،عدالتوں پر حملہ آور ہوئے ریفرنسز کےذریعےاورآج یہ الیکشن کمشن پہ حملہ آور ہوئےہیں کیونکہ الیکشن کمیشن کی ووٹ چوری کرنےکی بات حکومت اورعمران خان کوناگوار گذری ہے،پہلی بات یہ کہ حکومتوں کو یہ کام کرنا ہی نہیں چاہئے ،اس کا تو حساب انہیں دینا ہی پڑے گا ،بجائے اس کے کہ یہ الیکشن کمیشن سے معافی مانگتے ،پوری حکومت الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو گئی ہے،اِنہوں نے معیشت کو تباہ کیا ، ملکی اداروں کو بھی تباہ کیا ہے اور کل آپ دیکھیں گے یہی وزیر ٹولے بن کر جو لوگ انکو لائے تھے اُن پر حملہ آور ہونگے ،ان کو کسی بات کی شرم اور حیا نہیں ہے ۔

 شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ وہ حکومت ہے جن کے وزراء کو ٹریننگ دے کر بھیجا جاتا ہے کہ جاکر ٹی وی پر جھوٹ بولو،ملک کے بارے میں جھوٹ بولو ، آج ملک میں جو مسائل ہیں اِس کی کسی کو پروا نہیں ہے ،عمران ؒخان نے کبھی مہنگائی پر بات نہیں کی ،اُس کے وزیروں نے مہنگائی پر کبھی بریفنگ نہیں دی لیکن ہر روز کسی پر حملہ آور ہونے اور جھوٹ بولنے کے لئے موجود ہوتے ہیں ،جب یہ ٹی وی پر آ کر پریس کانفرنس کرتے ہیں تو اِن کی شکلیں دیکھا کریں ، نوکری اتنی لازمی نہیں ہوتی ،آپ کو اگر خطرہ ہے کہ نوکری سے نکال دیئے جائیں گے تو پھر چھوڑ دیں یہ نوکریاں ،کم ازکم اپنے ضمیر کو تو نہ بیچا کریں ،حق کی آواز تو بلند کیا کریں جھوٹ تو نہ بولا کریں ۔

 انہوں نے کہا کہ یہ آج اس حکومت کی حقیقت ہے،اسی سوچ اور اس خرابی کے خلاف جو ملک میں الیکشن 2018ء کے بعد آئی ہے ،جو ہم بات کرتے ہیں “ووٹ کو عزت دو” وہ یہی ہے کہ جب آپ ووٹ کو عزت نہیں دیں گے تو پھر عمران خان جیسے حکمران اس ملک پر نازل ہوں گے ۔

Facebook Comments