اتوار 19 مئی 2024

کاہنہ میں خاتون اور بیٹی قتل ، شوہر نے سالی سے شادی کرنے کیلئے ایسا ڈرامہ رچایا کہ پولیس والے دنگ رہ گئے ، آخر کار پکڑا گیا

لاہور (دھرتی نیوز)کاہنہ میں ڈکیتی مزاحمت کے باعث ماں اور بیٹی کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیاہے ، درندہ صفت باپ نے اپنی دوسری شادی کی خواہش کو پورا کرنے کیلئے بیوی اور بیٹی کو ہی قتل کر وا دیا ۔

تفصیلات کے مطابق کاہنہ میں ڈکیتی کی مزاحمت کے دوران خاتون عائشہ اور ماہین کے قتل کا واقعہ پیش آیا تاہم جب پولیس نے تحقیقات کا آغازکیا تو سراغ معاملہ دوسری جانب لے گئے ، تحقیقات میں پتا چلا کہ مقتولہ عائشہ اور ماہین کو ڈاکوﺅں نے نہیں بلکہ شوٹرز نے گولی ماری ہے ، جس پر پولیس نے خاتون کے شوہر دلاور کو حراست میں لیا اور پوچھ گچھ کی ، تفتیش کے دوران رکشہ ڈرائیور دلاور نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا اور تمام کہانی پولیس کے سامنے کھول کر رکھ دی ۔

 پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور اپنی سالی سے دوسری شادی کرنا چاہتا تھا اور قتل کی واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم دلاور سمیت دیگر دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیاہے ۔ پولیس کا کہناتھا کہ فائرنگ کے دوران دلاور کی بیٹی بھی گولیوں کی زد میں آ گئی اور دم توڑ گئی ۔ملزم دلاور دل دہلا دینے والی واردات انجام دینے کے بعد خود ہی اس کیس کا مدعی بھی بن گیا ۔

Facebook Comments