جمعہ 26 اپریل 2024

وہ خاتون پاکستانی اعلیٰ آفیسر جس کا ایک ماہ میں 4بار تبادلہ کردیا گیا، سوشل میڈیا پر ہنگامہ

کوئٹہ(دھرتی نیوز) بلوچستان میں ایک خاتون آفیسر کا ایک ماہ کے دوران اتنی بار تبادلہ کر دیا گیا کہ معاملہ منظرعام پر آیا تو صوبائی حکومت پر کڑی تنقید شروع ہو گئی۔

ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق یہ خاتون آفیسر اسسٹنٹ کمشنر فریدہ ترین ہیں جن کا ایک ماہ کے دوران4بار تبادلہ کیا گیا۔ یہ معاملہ سامنے آیا تو سوشل میڈیا پر ’باپ کی شکار اسسٹنٹ کمشنر فریدہ ترین‘ کا عنوان ٹرینڈ کرنے لگا۔

رپورٹ کے مطابق ’باپ‘ بلوچستان کی حکمران جماعت ’بلوچستان عوامی پارٹی ‘ (بی اے پی) کا مخفف ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ فریدہ ترین کے جس تیزی کے ساتھ تبادلے ہوئے، اس کی بلوچستان کی تاریخ میں مثال ملنا مشکل ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اسے فریدہ ترین کے ساتھ امتیازی سلوک اور ناانصافی قرار دے رہے ہیں تاہم بلوچستان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ”یہ فریدہ ترین کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو رہا۔

ٹرانسفر اور پوسٹنگ ملازمت کا حصہ ہوتے ہیں۔“واضح رہے کہ فریدہ ترین کا تعلق کوئٹہ کے قریب سرحدی ضلع پشین سے ہے۔ وہ پشتونوں کے معروف قبیلے ترین سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے 2017ءمیں بلوچستان پبلک سروس کمیشن سے اسسٹنٹ کمشنر کی آسامیوں کے لیے مقابلے کا امتحان پاس کیاتھا۔ ان کے ریکارڈ تبادلے 11فروری سے 16مارچ کے دوران ہوئے۔

Facebook Comments