پیر 20 مئی 2024

نجی ہسپتال میں 16 لوگوں کی بینائی جانے کا معاملہ، پنجاب حکومت نے ہسپتال سیل کرتے ہوئے بڑا قدم اٹھا لیا

ملتان (دھرتی نیوز)16 افراد کی ایک آنکھ کی بینائی ضائع ہونے کے معاملے پر پنجاب حکومت نے ایکشن لے لیا جس کے بعد ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے کہاہے کہ ملتان میں نجی ہسپتال کا آپریشن تھیٹر سیل کردیا گیا۔

ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن کےمطابق کمیشن کی چار رکنی ٹیم نے ملتان میں نجی ہسپتال کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ہے جبکہ ڈاکٹرز ا ور عملے کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق انکوائری مکمل ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ملتان میں ایک ڈاکٹر سے آنکھ کا آپریشن کروانے والے 16 افراد کی بینائی متاثر ہونے کی خبر سامنے آئی تھی، کئی مریضوں نے الزام لگایا تھا کہ وہ آپریشن کے بعد بینائی سے مکمل طور پر محروم ہوگئے ہیں۔یاد رہے کہ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ملتان ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکم دیا ہے کہ واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدرانہ تفتیش کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

Facebook Comments