پیر 20 مئی 2024

روپیہ مستحکم ہوناشروع ہوگیا،مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے،شاہ محمود قریشی

ملتان(دھرتی نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

ملتان میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈالر 166روپے سے اب 153تک آگیا ہے اور آہستہ آہستہ اور تنزلی کا شکار ہے، ڈالر کے گرنے سے روپے کی قیمت بڑھے گی اور مستحکم ہوگی جس سے امپورٹڈڈ اشیا کی قیمتوں میں فرق پڑے گا اور چیزیں سستی ہوںگی۔وزیر اعظم عمران خان ہر ہفتے مہنگائی کے مسئلے پر بریفنگ لیتے ہیں، وزیراعظم نے رمضان پیکج کیلئے اربوں روپے کی گرانٹ منظورکی ہے اور رمضان بازاروں کوسہولت بازارکی شکل دینے کافیصلہ بھی کیا ہے۔ ہمیں مافیاز کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے، امیدہے ماہ رمضا ن میں یوٹیلیٹی کارپوریشن شہریوں کومعیاری اشیافراہم کرے گا۔

 انہوں نے مزید کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے 29 مارچ کواختیارات سلب کرنیوالانوٹیفکیشن واپس لے لیاگیا ہے اور ملتان سیکرٹریٹ کیلئے 70 کروڑروپے کے فنڈزجاری کئے گئے ہیں، جنوبی پنجاب کے صوبہ بننے سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، صوبے سے تعلق رکھنے والے شہروں کے بچوں کے درمیان مقابلہ بڑھے گا اور سروسز میں نمائندگی کم ہونے کے باعث وہ زیادہ زیادہ سروسز کا حصہ بن سکیں گے، لوگوں کو مسائل کے حل کے لئے لاہور کی جانب دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

Facebook Comments