پیر 29 اپریل 2024

رانا ثناءاللہ کی سرکاری افسروں کو دھمکیاں ، صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت نے کرارا جواب دے دیا

لاہور(دھرتی نیوز)وزیرقانون پنجاب محمدبشارت راجہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے رجسٹری ایشو پر سرکاری افسروں کو مورد الزام ٹھہرانا افسوسناک ہے،سرکاری افسران کے بارے میں نازیبا الفاظ رانا ثناء اللہ کی مجرمانہ ذہنیت کاعکاس ہے،رانا ثناء اللہ کچھ بھی کہیں، ہمارا ایمان اور یقین متزلزل نہیں ہوگا،اگر کرپشن اور کوتاہی برداشت نہیں تو پھر افسروں کو ہراساں کرنا بھی برداشت نہیں۔

 صوبائی وزیرقانون محمدبشارت راجہ نےمسلم لیگ ن پنجاب کےصدرراناثناءاللہ کی جانب سےسرکاری افسران کو دھمکانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن بے نقاب ہونے پر سرکاری افسروں کو دھمکیاں دینا غیر قانونی امر ہے، لیڈرشپ کے کالے کرتوت بے نقاب ہوئے تو رانا ثناء اللہ کی زبان چل پڑی، کیا رانا ثناء اللہ نے کبھی اپنی لیڈرشپ سے کرپشن پر کوئی سوال کیا؟ ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کے بارے میں قابل اعتراض ریمارکس دینا قابل مذمت ہے،رانا ثناء اللہ اور ان کے ساتھیوں کو سرکاری افسران کو نشانہ بنانے سے گریز کرنا چاہیئے،حکومت برداشت نہیں کرسکتی کہ سرکاری افسران کو دھمکایا جائے۔

 صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دیانتدار اور محنتی افسران قابل احترام اور قوم کا اثاثہ ہیں،حکومت دیانتدار اور محنتی سرکاری افسروں کے ساتھ ہے،سرکاری افسران قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرنے کے پابند ہوتے ہیں،کوئی افسر قانون اور ضابطے کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا،

اگر ن لیگ کو سرکاری افسروں سے کوئی شکایت ہے تو قانونی طریقہ کار اختیار کریں،اگر کسی افسر نے غلط کام کیا ہے تو اس کے خلاف لیگل فورم سے رجوع کر سکتے ہیں،اگر کوئی سمجھتا ہے کہ سرکاری افسر نے غیر قانونی کام کیا ہے تو عدلیہ کا فورم موجود ہے۔

Facebook Comments