پیر 29 اپریل 2024

جہانگیر ترین کے معاملے میں شیخ رشید نے وزیر اعظم کو کیا مشورہ دیا؟

اسلام آباد (دھرتی نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ معاملات آگے نہیں جائیں گے، پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) کی سیاست میں سب سے زیادہ نقصان مولانا فضل الرحمان کا ہوا ہے، وہ اتنے آگے چلے گئے ہیں کہ واپسی میں حکومت کے دو سال پورے ہوجائیں گے۔

 دھرتی نیوز کی رپورٹ کے مطابق  شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راجہ ریاض نےسخت موقف اختیار کیا ہے لیکن معاملات اتنے آگے نہیں جائیں گے، وزیراعظم سے بات کی کہ بات چیت کے دروازے کھلے ہونے چاہئیں، جہانگیرترین کےلوگ پارٹی کےہیں،معاملات بہترہوجائیں گے، وہ تو خود کہہ رہے ہیں کہ ہمارا کیس قانو ن اور آئین کے مطابق دیکھیں۔

 وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کو اپنے پانچ سال پورے کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان مقدر کے سکندر ہیں کہ انہیں ایسی اپوزیشن ملی، ان کیلئے اپوزیشن کی تلخیاں کم ہونے جارہی ہیں۔ اپوزیشن میں کمزوری آئے گی، یہ عمران خان کیلئے اچھا وقت ہے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ان کی نظرمیں یہ صرف چار پارٹیوں کا اتحاد ہے، سیاسی طور پر وہ زیادہ نقصان مولانا فضل الرحمان کا دیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ اس دفعہ غلط کھیل گئے ہیں، مولانا صاحب بہت دور چلے گئے ہیں، واپس آتے آتے دو سال پورے ہوجائیں گے۔

Facebook Comments