منگل 14 مئی 2024

جاتی امرا کی زمین کا معاملہ ، نواز شریف بھی میدان میں آگئے

لندن (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد او ر سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہاہے کہ ہماری جاتی امرا کی زمین الحمدللہ 30سال پہلے خریدی گئی تھی،اس کی تمام ٹرانزکشنز موجود ہیں اور سب قانونی ٹرانزیکشنز ہیں،عمران خان ہر محاذ پہ ناکام ہوچکے ہیں، حکومت ان سے چلتی نہیں ہے، یہ ا ب اپنی ناکامیوں پہ پردہ ڈالنے کیلئے یہ کام شروع کرنا چاہتے ہیں۔

  میاں محمدنوازشریف نے کہاکہ عمران خان ہرمحاذ پر ناکامی کے بعد اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں،ان کی اَنا اور ذاتی بغض ہے جو ٹھنڈا ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ،پتا نہیں انہیں کس بات کا بغض ہے ؟جاتی امراء کی زمین کا معاملہ قانونی، آئینی اور ہر لحاظ سے جائز ہے،میں نہیں سمجھتا کہ ہماری جو بیورو کریسی ہے اس کو عمران خان کے اس مکروہ کام کے لئے آلہ کار بننا چاہئے،میں توقع کرتا ہوں چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پولیس اور ساری انتظامیہ سے کہ وہ اس کام میں ان کے آلہ کار بننے کی بجائے آئین اور قانون کے مطابق چلیں گےجس کے لئے ریاست پاکستان نے انہیں مقرر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح انہوں نے ہمارے لوگوں شہباز شریف ، مریم نواز ، حمزہ شہباز اور ہماری پارٹی کے دیگر لوگوں شاہد خاقان عباسی سعد رفیق اور دیگر کےساتھ جو کچھ کیا ہے وہ بھولنے والا نہیں ہے،میں بہت ہمت اور صبر سے کام لینے والا بندہ ہوں لیکن یہ بھلانا بہت مشکل ہے۔

 نوازشریف نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ عمران خان نے کس چیز پر یو ٹرن نہیں لیا ؟ملک میں کمر توڑ مہنگائی ہےاس پہ یہ قابو نہیں کرسکے، معاشی حالات بہت بحران کا شکار ہیں،اس پہ قابو نہیں پا سکے، لوگ غربت کے اندر پس گئے ہیں، پاکستان کی معیشت تباہ ہوچکی ہے ،اس پہ قابو نہیں پاسکے، پاکستان کے پاسپورٹ کا اس وقت کیا حال ہے؟۔

Facebook Comments