بدہ 15 مئی 2024

پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کیلئے اسکولز بدستور بند رکھنے کا فیصلہ

اسکولز اسکولز

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ وائرس سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں نویں سے 12ویں جماعت کے طلبہ کے لیے مرحلہ وار کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا البتہ پہلی سے آٹھویں جماعت کیلئے اسکولز بدستور بند رہیں گے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغامات میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کلاسز بحالی کا فیصلہ بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے کیا گیا، نویں سے 12ویں جماعت کے امتحانات بورڈز کی اعلان کردہ نئی تاریخوں کے مطابق لیے جائیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ بالا جماعتوں کے امتحانات مئی کے چوتھے ہفتے سے قبل شروع نہیں ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ امتحانات کے نئے ٹائم ٹیبل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یونیورسٹیوں کے داخلہ شیڈول کو بھی ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

یہ تمام فیصلے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم اور صحت کے خصوصی اجلاس میں کیے گئے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ اجلاس میں تمام وزرا کے اتفاق رائے سے اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ اے، ایز، او اور آئی جی سی ایس ای امتحانات سی اے آئی ای ایس کے اعلان کردہ تاریخوں کے مطابق ہوں گے۔

تاہم جو طلبہ اکتوبر/نومبر میں یہ امتحانات دینا چاہتے ہیں وہ پہلے سے جمع کروائی گئی فیس میں ہی وہ امتحان دے سکتے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کیمبرج نے فیصلہ کیا ہے رواں سال اساتذہ کو گریڈز دینے کا اختیار نہیں دیا جائے اس لیے جو امتحانات نہیں لے رہے وہ اکتوبر/ نومبر کے اگلے مرحلے میں امتحانات لے سکتے ہیں۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ کیمبرج نے امتحانات کے سلسلے میں تمام اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

علاوہ ازیں وبا سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں موجود یونیورسٹیز کی آن لائن کلاسز جاری رہیں گی جبکہ مثبت کیسز کی 8 فیصد سے کم شرح والے علاقوں میں جامعات اپنے معمولات جاری رکھیں گی۔

ساتھ ہی وزرا کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پہلی سے 8ویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے کلاسز بدستور بند رہیں گی جس کی تفصیلات صوبائی حکومت خود جاری کریں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بورڈ امتحانات کے پیش نظر 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت کے لیے اسکول دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا وائرس کے پیش نظر 10 مارچ سے اسلام آباد سمیت ملک کے کچھ شہروں میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان تھا اور وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نطر صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں اسکولوں کی بندش کو توسیع دے دی گئی تھی۔

دوسری جانب ملک میں عالمی وبا کی تیسری لہر شدت اختیار کر گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 127 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 149 مریض دم توڑ گئے۔

Facebook Comments