بدہ 08 مئی 2024

پی ایس ایل: پشاور زلمی کی ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت

پی ایس ایل: پشاور زلمی کی ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن یسمی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے آج گزشتہ میچ سے بہتر کھیل پیش کر سکیں، ہم پہلے باؤلنگ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہدف کا تعاقب کرنا پسند کرتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کراچی کی پچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی پچ بہت بہترین ہے، گزشتہ روز بھی اس وکٹ پر بہترین میچ ہوا اور آج بھی یہ بیٹنگ کے لیے بہترین وکٹ لگ رہی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کے خواہاں تھے لیکن اب اچھا اسکور کر کے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وکٹ پر 170-170 رنز اسکور ہونے چاہئیں، ہماری ٹیم بہت پراعتماد ہے اور کوشش کریں گے کہ جیت کا سلسلہ جاری رکھیں۔

سرفراز نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ طبیعت کی خرابی کی وجہ سے بین کٹنگ کی جگہ آج ٹائمل ملز کھیل رہے ہیں جبکہ عبدالناصر کی جگہ احسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، کامران اکمل، ٹام بینٹن، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، وہاب ریاض، لیام ڈاسن، حسن علی، راحت علی اور عامر خان

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، جیسن روئے، چین واٹسن، احمد شہزاد، احسن علی، اعظم خان، محمد نواز، سہیل خان، محمد حسنین، فواد احمد اور ٹائمل ملز

روایتی حریف

دونوں ٹیموں پاکستان سپر لیگ کے روایتی حریف تصور کیے جاتے ہیں اور کئی مواقعوں پر دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے جس میں کبھی گلیڈی ایٹرز کامیاب رہے اور کبھی فتح نے پشاور زلمی کے قدم چومے۔

اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 میچ کھیلے گئے جس میں سے 7 میں گلیڈی ایٹرز کامیاب رہے جبکہ پانچ میں پشاور زلمی نے فتح حاصل کی، ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب پشاور زلمی کو لیگ میں اپنے افتتاحی میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کراچی کنگز نے انہیں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10رنز سے مات دی تھی۔

Facebook Comments