پیر 20 مئی 2024

ایل این جی ریفرنس ، عدالت میں وکیل مہیا کرنے کے بعد شاہد خاقان عباسی کو جانے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد ( دھرتی نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی ، شاہد خاقان عباسی کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وکیل سے کہیں کہ کسی کو یہاں نمائندہ کریں تب ہی آپ کو جانے دیں گے ۔

دھرتی نیوز  کے مطابق شاہد خاقان عباسی عدالت پیش ہوئے، نیب کے گواہ عبدالرشید جوکھیو کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا، شاہد خاقان عباسی کے وکیل عدالت میں کورونا وائرس کے باعث پیش نہیں ہو سکے ، شاہد خاقان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ میرے وکیل کا کورونا ٹیسٹ ابھی تک منفی نہیں آیا لہٰذا وہ حاضر نہیں ہو سکے ، جج اعظم خان نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایسا کریں گے تو مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کریں گے ،عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگا کر جانے کی استدعا بھی مسترد کر دی ۔

 جج اعظم خان نے کہا کہ آپ کے وکیل موجود نہیں تو آپ کی موجودگی میں بیان قلمبند ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں اپنے وکیل سے فون پر رابطہ کر کے عدالت کو بتاتا ہوں جس پر جج اعظم خان نے کہا کہ آپ اب یہ بات کہہ رہے ہیں ، اپنے وکیل سے کہیں کہ وہ یہاں کسی کو نمائندہ مقرر کریں ، وہ یہاں کسی وکیل کو آج نامزد کریں گے تب ہی آپ کو جانے دیں گے ۔عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو فون پر رابطہ کرنے کی مہلت دے دی۔

شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ایک اور وکیل کو نمائندہ مقرر کیا گیا جس کے بعد عدالت نے انہیں عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔

Facebook Comments