پیر 20 مئی 2024

پنجاب حکومت کا مزدور وں کی کم سے کم اجرت 20ہزار کرنے کا اعلان

لاہور(دھرتی نیوز )پنجاب حکومت کا یوم مزدور پر محنت کشوں کے لئے بڑا اقدام، وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزدور کی کم سے کم اجرت 20ہزار کرنے کا اعلان کردیا۔

  دھرتی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے یوم مزدور کے حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کش کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے،پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں ورکرز کی کم از کم اجرت20ہزار کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تین برس میں مزدورں کی کم از کم اجرت میں پانچ ہزار روپے اضافہ کیا ہے، سابق ادوار میں ورکرز کی فلاح وبہبود پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے محنت کشوں کو ریلیف دینے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا، سابق حکمرانوں نے پانچ سالہ دور میں ورکرز کی اجرت میں تین ہزار کا اضافہ کیا۔ہماری حکومت مزدوروں کی کم از کم اجرت میںا ٓئندہ بھی اضافہ کرے گی۔

ان کا کہناتھا کہ وزیرا عظم عمران خان کی قیادت میں فرسودہ نظام ختم کرکے آن لائن لیبر انسپکشن کا نفاذ کیا گیا ہے، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں مفت ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔سوشل سکیورٹی انسپکشن20فیصد تک محدود کی گئی ہے۔محنت کشوں کے بچوں کے لئے تعلیمی وظائف کا آن لائن نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ لاہور ، ننکانہ اور ملتان کی لیبر کالونیوں میں محنت کشوں کو فلیٹس الاٹ کردیئے گئے ہیں۔

Facebook Comments