جمعہ 26 اپریل 2024

حلقہ این اے 249،پاکستان پیپلزپارٹی کے علاوہ تمام جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا

کراچی (دھرتی نیوز) حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری تھی کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے علاوہ تمام جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا۔

  دھرتی نیوز کے مطابق پی ایس پی اور پی ٹی آئی نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کیا ، ڈی آر او آفس میں شور شرابہ بھی کیا گیا، دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں نے موقف اپنایا کہ پولنگ بیگ پر کوئی سیل نہیں تھی ۔

پاک سر زمین پارٹی کے حفیظ الدین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہاں آر او لیکشن ایکٹ کی جانب داری کر رہے ہیں ، پہلے بھی فارم 45نہیں دیاگیا تھا،گنتی سے قبل ہی ووٹوں کے تھیلے کھلے ہوئے تھے ۔

   دھرتی نیوز کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل قریب 15منٹ ہی جاری رہ سکا ، اعتراض کرنے والی جماعتوں کی جانب سے دو نکتے اٹھائے گئے اول کہ پولنگ بیگز پر سیل نہیں ہے ، دوسرا کہ ہمیں فارم 46مہیا نہیں کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے درخواست دی ہے کہ فارم 45 نہیں ملا ، ہمیں سمجھ نہیں آرہی یہ کس طرح کا الیکشن ہے ، یہاں حلقے کے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیاہے ، یہ تاریخ کا بد ترین الیکشن ہوا ہے ، عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ۔

Facebook Comments